ڈیرہ غازی خان: سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر دہشتگردوں کا دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا
ڈیرہ غازی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خارجی دہشت گردوں کا 3 دنوں میں دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی پر خارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا گیا، 20 سے 25 دہشت گرد بھاری اسلحے سے شدید فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آور ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے فوری کارروائی کر کے دہشت گردوں کو پسپا کیا، مزید کہا کہ بھرپور جوابی کارروائی سے خارجی دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ چوکی پر تعینات جوانوں نے جدید تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی آمد کی نشاندہی کی، ڈی پی او سید علی کی زیر قیادت ایلیٹ اور کیو آر ایف ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں۔
ادھر، آئی جی پنجاب نے خارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔