• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

پاکستان اور بھارت کے تعلقات مصطفیٰ اور عدیل کی طرح ہیں، عماد عرفانی

شائع November 29, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حال ہی اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں لالچی اور دھوکیباز شخص عدیل کا کردار ادا کرنے والے اداکار عماد عرفانی نے کہا ہے کہ ایک طرح سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بھی ان کے ڈرامے میں دکھائے گئے عدیل اور مصطفیٰ کے کرداروں کی طرح ہیں۔

’کبھی میں کبھی تم‘ میں عماد عرفانی نے عدیل جب کہ فہد مصطفیٰ نے مصطفیٰ کا کردار ادا کیا تھا جو کہ دونوں بھائی ہوتے ہیں لیکن دونوں کی سوچ اور ترجیحات الگ ہوتی ہیں، دونوں کی خواہشات منفرد ہوتی ہیں اور ایک دوسرے کے قریب ہونے کے باوجود ایک دوسرے سے بات تک کرنا پسند نہیں کرتے۔

عماد عرفانی نے حال ہی میں ’انڈیا ٹوڈے‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ’کبھی میں کبھی تم‘ کے بعد ملنے والی مقبولیت پر بھی بات کی۔

اداکار نے اعتراف کیا کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کامیابی کے بعد ملنے والی محبت کو وہ زندگی بھر نہیں بھلا پائیں گے، انہیں ہمیشہ لوگوں کا پیار یاد رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کے اختتام کے بعد ایک بار وہ فضائی سفر کے لیے جیسے ہی طیارے میں داخل ہوئے تو وہاں بیٹھے تمام مسافروں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا اور ایسا ان کے ساتھ زندگی میں پہلی بار ہوا تھا۔

اداکار کے مطابق ڈرامے کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھائے جانے کے دوران بھی انہیں جس طرح کی محبت دی گئی اور جس طرح کی ان کی عزت کی گئی، وہ اسے زندگی بھر نہیں بھلا پائیں گے۔

عماد عرفانی نے بتایا کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کامیابی کا سبب کہانی کو سادہ رکھنا تھا، کہانی میں پیچیدگیاں نہیں دکھائی گئیں جب کہ پاکستانی ڈراموں کی یہی خصوصیت انہیں کامیاب اور اچھا بناتی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر بتایا کہ ہدایت کار نے مذکورہ ڈرامے میں ان کے لیے ڈیڑھ سال تک انتظار کیا اور جب وہ کردار کے لیے تیار ہوگئے تو انہیں نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا گیا کہ مصطفیٰ کا کردار فہد مصطفیٰ ہی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ ڈرامے کے نشر ہونے کے دوران پاکستانیوں کے پاس خوش رہنے کا ایک جواز تھا، پاکستانی چار ماہ تک ڈراما دیکھ کر محظوظ ہوتے رہے اور ڈرامے کے کرداروں کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھنے لگے۔

ڈرامے کی کامیابی کے بعد بھارت سے ملنے والی محبت پر عماد عرفانی نے کہا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات ان کے ڈرامے میں دکھائے گئے دو ناراض بھائیوں عدیل اور مصطفیٰ کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ڈرامے کے دونوں بھائی ایک ہی گھر میں پلے بڑھے ہوتے ہیں، ان کے درمیان خون کا رشتہ ہوتا ہے لیکن اس باوجود دونوں ایک دوسرے سے آنکھیں ملا کر بات کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔

عماد عرفانی کے مطابق جیسے ڈرامے میں دونوں بھائیوں کے درمیان بلاجواز اختلافات رہتے ہیں، دونوں ایک دوسرے سے ناراض رہتے ہیں، اسی طرح ہی پاکستان اور بھارت بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024