• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

ٹی وی میزبان شاہ زیب خانزادہ کا بطور ڈراما نگار کیریئر کا آغاز

شائع November 29, 2024
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

حالات حاضرہ کے ٹی وی میزبان شاہ زیب خانزادہ کی جانب سے بطور ڈراما نگار کیریئر کا آغاز کیے جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں اور اطلاعات ہیں کہ جلد ہی ان کے لکھے گئے ڈرامے کو پیش کردیا جائے گا۔

ہدایت کار وجاہت حسین سید نے انسٹاگرام پر شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ٹی وی میزبان کے لکھے گئے ڈرامے کو جلد پیش کرنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے واضح طور پر کیپشن لکھنے کے بجائے ہیش ٹیگز کا استعمال کیا، تاہم تصاویر کے ساتھ ’بسم اللہ‘ لکھا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ جلد ہی ڈراما پیش کرنے والے ہیں۔

انہوں نے ہیش ٹیگز میں ’کیس نمبر 9‘ سمیت پروڈکشن ہاؤس، پروڈیوسرز اور شاہ زیب خانزادہ کا نام بھی لکھا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ بطور ہدایت کار پروڈیوسرز اور لکھاری کے ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔

ساتھ ہی چہ مگوئیاں ہیں کہ ممکنہ طور پر شاہ زیب خانزادہ بھی ’کیس نمبر 9‘ نامی ڈرامے میں کسی کردار میں دکھائی دیں گے۔

اسی حوالے سے مختلف شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے کی جانے والی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ’کیس نمبر 9‘ نامی کرائم تھرلر ڈراما شاہ زیب خانزادہ نے لکھا ہے جب کہ اس میں فیصل قریشی اور صبا قمر جیسے اداکار مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ڈرامے کو کب تک نشر کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے 2025 کی وسط تک پیش کردیا جائے گا۔

شاہ زیب خانزادہ کا بطور لکھاری یہ پہلا ڈراما ہوگا، اس سے قبل انہیں متعدد شوبز تقریبات میں دیکھا جاتا رہا ہے اور وہ پاکستانی ٹیلی وژن اسکرین کا جانا پہچانا نام ہیں۔

ان کا شمار صف اول کے حالات حاضرہ کے ٹی وی میزبانوں میں ہوتا ہے، وہ ایک دہائی سے جیو نیوز پر ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ کے ساتھ نامی کرنٹ افیئرز کا پروگرام کرتے آ رہے ہیں۔

شاہ زیب خانزادہ نے خود اپنے ڈراما لکھاری کیریئر کے حوالے سے کچھ نہیں کہا اور نہ ہی فیصل قریشی اور صبا قمر نے ڈرامے میں کاسٹ کیے جانے کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024