کم شرح سود کے باعث آٹو فنانسنگ میں مسلسل دوسرے ماہ اضافہ
شرح سود میں کمی کی بدولت ستمبر میں 227 ارب 54 کروڑ روپے اور اگست میں 227 ارب 30 کروڑ روپے کے مقابلے اکتوبر میں آٹو فنانسنگ ماہ بہ ماہ مسلسل دوسرے مہینے 3.7 فیصد بڑھ کر 236 ارب روپے ہوگئی۔
تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بقایا قرضوں میں سال بہ سال 10.7 فیصد کی کمی آئی ہے۔
ڈان اخبار کی خبر کے مطابق ستمبر میں آٹو فنانسنگ کو 27 ماہ کے بعد بحال کیا گیا۔ جون 2022 میں، یہ 368 ارب روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی لیکن بلند شرح سود نے آٹو فنانسنگ کو دباؤ میں رکھا۔
اسٹیٹ بینک نے 10 جون سے شرح سود کو کم کرنا شروع کیا اور اسے 22 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد کردیا، جس کے بعد 29 جولائی کو 19.5 فیصد، 12 ستمبر کو 17.5 فیصد اور 4 نومبر کو 15 فیصد تک کردیا گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں مجموعی طور پر کار، ایس یو وی، وینز اور پک اپ کی فروخت 50 فیصد بڑھ کر 40 ہزار 693 یونٹس تک پہنچ گئی، کیونکہ نجی بینک بھی مختلف مقررہ نرخوں کی پیشکش کرتے ہیں جس کے بعد مقامی اسمبلرز قیمتوں میں چھوٹ دیتے ہیں۔
پلانٹس کی بندش
دوسری جانب بڑھتی ہوئی فروخت کے باوجود، انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی) نے 18 سے 20 نومبر تک پیداوار کو معطل رکھنے کے بعد 27 سے 29 نومبر تک دوسرا پلانٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسٹاک فائلنگ میں کمپنی نے کہا کہ اس کی خام مال اور اجزا کی انوینٹری کی سطح کم ہے اور اسے سپلائی چین کے جاری چیلنجز کا سامنا ہے۔ نتیجتاً، کمپنی اپنی پیداواری ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے۔
انہی وجوہات کی بنا پر آئی ایم سی نے اپنا پلانٹ 15-22 جولائی، 6-8 اگست، 26-30 ستمبر اور 29-31 اکتوبر تک بھی بند رکھا تھا۔
انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کا منافع بعد از ٹیکس (پی اے ٹی) 30 ستمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 58 فیصد اضافے سے 5 ارب روپے ہو گیا جو 2023 کی اسی مدت میں 3 ارب 21 کروڑ روپے تھا۔
پاکستان شماریات بیورو (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق، جولائی سے اکتوبر کے دوران مکمل طور پر ناک آؤٹ (سی کے ڈی) کٹس کی درآمد 35 فیصد بڑھ کر 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 20 کروڑ 85 لاکھ ڈالر تھی، اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ مقامی اسمبلرز کے پاس بڑی بکنگ ہے۔
منگل کو گندھارا ٹائر اینڈ ربر کمپنی لمیٹڈ (جی ٹی آر) نے کہا کہ بوائلر، فیکٹری میں اس کی یوٹیلیٹی لائن پر منصوبہ بند کام کی وجہ سے بند کردیا جائے گا۔
نتیجتاً، کمپنی نے 27 نومبر سے 2 دسمبر تک پلانٹ کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔