• KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:20pm
  • LHR: Maghrib 5:16pm Isha 6:42pm
  • ISB: Maghrib 5:16pm Isha 6:45pm
  • KHI: Maghrib 6:00pm Isha 7:20pm
  • LHR: Maghrib 5:16pm Isha 6:42pm
  • ISB: Maghrib 5:16pm Isha 6:45pm

سیاسی کشیدگی سے اسٹاک مارکیٹ کریش، 100 انڈیکس 3 ہزار 505 پوائنٹس گرگیا

شائع November 26, 2024
— فائل: کینوا
— فائل: کینوا

اسلام آباد میں جاری سیاسی کشیدگی بڑھنے کے منفی اثرات کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ (پی ایس ایکس) ’کریش‘ کر گئی، منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

آج صبح اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 97 ہزار 361 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، بعد ازاں بینکنگ سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی واپس آگئی۔

صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کے ایس ای انڈیکس ایک ہزار 642 پوائنٹس یا 1.68 فیصد اضافے سے 99 ہزار 723 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا، تاہم دوپہر 12 بج کر 35 منٹ پر 2 ہزار 281 پوائنٹس یا 2.33 فیصد کی کمی سے 95 ہزار 798 پوائنٹس پر آگیا۔

بعد ازاں فروخت کے مزید دباؤ سے 100 انڈیکس سیشن کے اختتام سے کچھ دیر قبل 95 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر انڈیکس 2 ہزار 909 پوائنٹس یا 2.97 فیصد کی کمی سے 95 ہزار 171 پوائنٹس پر دیکھا گیا جبکہ مارکیٹ کے اختتامی اوقات میں ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 800 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی اور یہ 94 ہزار 200 کی سطح پر دیکھا گیا۔

منگل کو مارکیٹ کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 505 پوائنٹس (3.71 فیصد ) کی کمی سے 94 ہزار 574 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بند ہوا ۔

واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ غیر مستحکم صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں اور اسلام آباد میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

پنجاب پولیس کے سربراہ انور عثمان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ جھڑپوں میں کم از کم 119 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی 22 گاڑیاں بھی جلادی گئیں۔

رات گئے شرپسند عناصر کی جانب سے ایک تیز رفتار گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھادی گئی تھی جس کے نتیجے میں رینجرز کے 4 جوان شہید بھی ہوئے اور وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کو طلب کرلیا گیا تھا، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکام بھی جاری کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ پیر کے روز بینکنگ سیکٹر میں زبردست سرمایہ کاری کی وجہ سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 282 پوائنٹس اضافے سے 98 ہزار پوائنٹس سے زائد پر بند ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025