اے آر رحمٰن والد کی طرح ہیں، گٹارسٹ موہنی ڈے کی تعلقات کی خبروں پر وضاحت
عالمی شہرت یافتہ موسیقار و گلوکار اللہ رکھا (اے آر) رحمٰن کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے موسیقار سے تعلقات کی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلوکار ان کے والد کی طرح ہیں۔
گٹارسٹ موہنی ڈے نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو اور پوسٹ میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کی افواہوں پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے غلط معلومات پھیلانے اور بہتان لگانے کو جرم بھی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی میں بہت سارے انسان ان کے آئیڈیل رہے ہیں اور ایسے انسانوں میں اے آر رحمٰن بھی شامل ہیں۔
گٹارسٹ کے مطابق اے آر رحمٰن ان کے والد سے بھی نوجوان ہیں جب کہ وہ موسیقار کی بیٹی کی ہم عمر ہیں اور ان کے حوالے سے میڈیا پر غلط باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، ان پر تہمتیں لگائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا اور اے آر رحمٰن کا ساڑھے 8 سال کا تعلق ہے، دونوں کے درمیان احترام اور محبت کا رشتہ ہے، دونوں نے نہ صرف فلموں بلکہ میوزک کنسرٹس میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔
موہنی ڈے نے میڈیا اور سوشل میڈیا والوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اور اے آر رحمٰن کی ذاتی زندگی کو مزید مشکلات کا شکار نہ بنائیں، وہ ان سے متعلق غلط معلومات اور افواہیں نہ پھیلائیں، ان کے رشتے، محبت اور تعلق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
گٹارسٹ نے میڈیا کو گزارش کی کہ زندگی کے مشکل ترین وقت میں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے، ان کی اور اے آر رحمٰن کی طلاقوں کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں، ان کا احترام کیا جائے۔
خیال رہے کہ گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اے آر رحمٰن اور ان کی اہلیہ کے درمیان 20 نومبر کو طلاق کی تصدیق کیے جانے کے بعد شوہر سے طلاق کی تصدیق کی تھی۔
اے آر رحمٰن نے شادی کے 29 سال بعد اہلیہ سائرہ بانو سے شادی ختم کی جب کہ ان کی گٹارسٹ 28 سالہ موہنی ڈے نے بھی اسی دن اپنی شادی کے ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
اے آر رحمٰن اور موہنی ڈے کی جانب سے ایک ہی دن اپنی شادیاں طلاق پر ختم ہونے کی تصدیق کیے جانے کے بعد بھارتی میڈیا میں دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں تھیں اور دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ موسیقار اور گٹارسٹ کے درمیان ناجائز تعلقات رہے ہیں، جس وجہ سے ممکنہ طور پر دونوں کی شادیاں ختم ہوئیں۔