سونے کی قیمتوں میں اضافہ رک گیا، آج فی تولہ نرخوں میں بڑی کمی
سونے کی قیمتوں میں جاری اضافے کے رجحان کا سلسلہ رک گیا اور آج فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کی بڑی کمی ہو گئی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمتیں 4 ہزار 300 روپے تنزلی کے بعد 2 لاکھ 78 ہزار 400 پر آگئی ہے۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 657 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 38 ہزار 683 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کے نرخ بھی 2 لاکھ 22 ہزار 172 روپے سے نیچے آ کر 2 لاکھ 18 ہزار 793 روپے ریکارڈ کیے گئے۔
اسی طرح چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 50 رپے اور 42 روپے تنزلی کے بعد 3 ہزار 400 روپے اور 2 ہزار 914 روپے پر آ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 43 ڈالر کمی کے بعد 2 ہزار 672 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو بروز ہفتہ سونے کی قیمت 2 ہزار 200 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 82 ہزار 700 تک پہنچ گئی تھی، جس کے بعد گزشتہ ہفتے 24 قیراط سونے کے فی تولہ نرخوں میں 12 ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔