یو اے ای: 3 روز سے لاپتا یہودی مذہبی پیشوا کی لاش برآمد، 3 ملزمان گرفتار
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں تین دن قبل مبینہ طور پر اغوا کیے جانے والے یہودی شہری کی لاش مل گئی جب کہ اماراتی حکومت نے قتل کے شبہے میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یہودیوں کے مذہبی پیشوا (ربی) 28 سالہ زوی کوگن جمعرات کے روز یو اے ای میں لاپتا ہوگئے تھے۔
زوی کوگن کی لاش اماراتی شہر العین میں ملی جو عمان کی سرحد سے متصل ہے جب کہ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں وہاں قتل کیا گیا یا کہیں اور قتل کرنے کے بعد لاش کو وہاں پھینکا گیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت اس واقعے کے ذمہ داروں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائے گی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور یورپی ملک مولڈووا کی دہری شہریت رکھنے والے ربی زوی کوگن نے مولڈووا کے پاسپورٹ پر دبئی کا سفر کیا تھا۔
اسرائیل کی حکمران دائیں بازو کی جماعت لکود پارٹی کے رکن ایوب کارا نے دبئی میں انگریزی زبان میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے تحقیقات مکمل کرنے کا انتظار کر رہے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے قتل کا الزام ایران پر عائد کردیا۔
اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے والے ایوب کار ا نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاش کو تدفین کے لیے اسرائیل بھیجا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی اور اسرائیلی حکام نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ قتل میں کون ملوث ہیں اور اس کا مقصد کیا ہو سکتا ہے۔