• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کو تھانہ قرار دے دیا گیا، سیکیورٹی تعینات

شائع November 22, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیل کو تھانہ قرار دے کر پولیس کی سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے، 3 سب انسپکٹرز کے سیکیورٹی عملہ 3 شفٹوں میں فرائض انجام دے گا۔

سٹی پولیس آفس (سی پی او) راولپنڈی کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کے نام جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل کے اسپیشل سیکیورٹی سرکل نمبر 4 میں بند سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں گرفتارکیا جاتا ہے لہٰذا اڈیالہ جیل کے سرکل نمبر 4 کو تھانہ قرار دیا جارہا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تھانہ قرار دیے جانے کے باعث عمران خان کے سیل پر پولیس سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے، سیکورٹی عملہ 3 مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے گا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پہلی شفٹ میں سب انسپکٹرمحمد اسلم 3 اہلکاروں سمیت سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، دوسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد آصف 3 اہلکاروں سمیت سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ تیسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد ازرم 3 اہلکاروں کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے۔

پہلی شفٹ صبح 8سے شام 4 بجے، دوسری شفٹ شام 4 سے رات 12 بجے اور تیسری شفٹ رات 12سے صبح 8 بجے تک سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے گی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن میں درج جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمہ نمبر 2831 میں عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکیا تھا۔

اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں عمران خان کو جج محمد امجد کے روبرو پیش کیاگیا تھا، دوران سماعت راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی جبکہ سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے جسمانی ریمانڈ کے حق میں دلائل دیے تھے۔

پانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دیے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا 5 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ جیل انتظامیہ نے ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آج عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کردی ہے تاہم راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی کے بانی کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024