اچھا کام کرنے والی بیوی پر شوہر کو پریشان نہیں خوش ہونا چاہیے، فیضان شیخ
اداکار فیضان شیخ کا کہنا ہے کہ شوہروں کو خود سے اچھا کام کرنے والی بیویوں کے کام پر پریشان نہیں ہونا چاہیے، ایسے مرد حضرات کو تو خوش ہونا چاہیے کہ ان کی اہلیہ اچھا کام کر رہی ہیں۔
فیضان شیخ نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف گھریلو معاملات پر اظہار خیال کیا۔
فیضان شیخ نے کہا کہ وہ مشترکہ خاندان میں رہنے کے عادی ہیں اور وہ والدین کی جانب سے بچوں کو کاروبار کرنے اور سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کے بھی خلاف ہیں، کیوں کہ ان کے خیال میں پیسے، سرمائے اور کاروبار سے ہی آگے چل کر اختلافات ہوتے ہیں۔
پروگرام میں شوہر سے اچھا کام کرنے والی بیوی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے فیضان شیخ نے کہا کہ ان کے گھر کی تمام خواتین کام کرتی ہیں اور دلچسپ بات یہ کہ ان کی والدہ، بہن اور اہلیہ بھی شوبز میں ہی کام کرتی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ شوہروں کو خود سے اچھا کام کرنے والی بیوی کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، انہیں تو اس بات پر خوش ہونا چاہیے کہ ان کی اہلیہ ٹیلنٹڈ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اپنی بیوی کی کامیابیوں اور کام کا جشن مناتے ہیں، انہیں خوشی ہوتی ہے کہ ان کی اہلیہ اتنا اچھا کام کر رہی ہیں۔
اداکار کے مطابق شوہروں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر ان کی بیوی اچھا کام کر رہی ہیں تو یہ ان کی ہی کامیابی ہے، ان کا نام بھی روشن ہو رہا ہے، شوہروں کو بیویوں کے اچھے کام سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
فیضان شیخ کے مطابق یہ بہت اچھی بات ہے کہ اگر کوئی شوہر یہ سمجھے کہ ان کی بیوی ان سے زیادہ پڑھی لکھی، ان سے زیادہ سمجھدار اور ان سے بہتر کام کرنے والی ہے۔