متھیرا نے اپنی نازیبا جعلی ویڈیوز لیک ہونے کی مکمل داستان سنادی
ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان متھیرا نے حال ہی میں تیسری بار وائرل ہونے والی اپنی جعلی فحش ویڈیوز کی مکمل داستان بتاتے ہوئے دعویٰ کیا ہےکہ مذکورہ ویڈیو پہلی بار 2021 میں پھیلائی گئی تھیں۔
متھیرا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی جعلی فحش ویڈیوز پر کھل کر بات کی۔
ماڈل و ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ وہ جو بھی چیز کرتی ہیں، سرعام کرتی ہیں، انہوں نے اپنی تمام چیزوں کو قبول کیا ہے لیکن پھیلائی جانے والی ویڈیوز جعلی ہیں، اس لیے انہیں ایسے گناہ کی سزا ملی جو انہوں نے کیا ہی نہیں۔
ان کے مطابق وہ ماضی میں بکنی میں بھی فوٹوشوٹ کروا چکی ہیں اور اس بات کو تسلیم بھی کرتی ہیں، اسی طرح انہوں نے دیگر بولڈ فوٹوشوٹس بھی کیے لیکن پھیلائی گئی ویڈیوز جعلی تھیں۔
متھیرا نے کہا کہ وہ اپنی تمام ویڈیوز، تصاویر اور کام کو تسلیم کرتی ہیں اور اس پر فخر بھی کرتی ہیں، وہ یہ بھی مانتی رہتی ہیں کہ وہ بولڈ لباس پہنتی ہیں، انہوں نے ہی پاکستان میں پہلی بار بولڈ لباس پہنا۔
وائرل ہونے والی فحش ویڈیوز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر متھیرا نے بتایا کہ ان کی ویڈیوز پہلی بار 2021 میں پھیلائی گئی تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے شہر جھنگ کے ایک شخص نے پہلی بار ان کی ویڈیوز کو ایڈٹ کرکے پھیلایا تھا، جس پر انہوں نے اس وقت وفاقی تحقیاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت کی تھی، جس پر مذکورہ شخص گرفتار بھی ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں انہوں نے ایڈٹ شدہ فحش ویڈیوز پھیلانے والے شخص کو دوسروں کے کہنے پر معاف بھی کردیا لیکن بعد ازاں 2022 میں ایک بار پھر ان کی مذکورہ جعلی فحش ویڈیوز کچھ وقت کے لیے وائرل ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض لوگوں نے ان کی ایڈٹ شدہ فحش ویڈیوز اپنے پاس سنبھال کر رکھی ہیں اور وہ مذکورہ ویڈیوز کو پیسوں کے عوض فروخت بھی کرتے ہیں جب کہ بعض افراد اپنا ’ٹھرکپن‘ مکمل کرنے کے لیے ویڈیوز کا استعمال کرتے ہیں۔
متھیرا کے مطابق حال ہی میں دوبارہ ان کی مذکورہ جعلی ویڈیوز وائرل ہوئیں اور انہیں کسی نے بتایا کہ ان کا نام ایکس پر ٹرینڈ کر رہا ہے، جس پر انہوں نے چیک کیا تو پرانی جعلی ویڈیوز دوبارہ وائرل ہو رہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس بار لاہور کے ایک چھوٹی ویب سائٹ کی خبر کی ہیڈلائن کے اسکرین شاٹس کو شیئر کرکے ان کی ویڈیوز پھیلائی گئیں اور ان کا نام ٹرینڈنگ میں آیا۔
متھیرا نے دعویٰ کیا کہ وائرل ہونے والی فحش ویڈیوز جعلی ہیں، جنہیں گزشتہ تین سال میں متعدد بار وائرل کرکے انہیں بدنام اور ذہنی طور پر پریشان کیا گیا۔