• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

نیپرا کا فی یونٹ ٹیرف میں ایک روپے 60 پیسے کمی کا تخمینہ

شائع November 21, 2024
—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دعویٰ کیا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ستمبر میں ختم ہونے والی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں آئندہ 2 ماہ میں قومی بجلی کی اوسط قیمت ایک روپیہ 60 پیسے فی یونٹ کم ہوگی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیپرا کے چیئرمین وسیم مختار کی زیر صدارت عوامی سماعت کے دوران اتھارٹی کے کیس افسران نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے جولائی تا ستمبر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 ماہ کے لیے تقریباً 36 پیسے فی یونٹ اضافے کے حساب سے تقریباً 6 ارب 40 کروڑ روپے اضافے کی درخواست کی۔

تاہم پہلے ریگولیٹر اور بعد میں ڈسکوز کی کمرشل ایجنٹ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی طرف سے تصدیق کی گئی کہ کل اضافی ایڈجسٹمنٹ تقریباً ایک ارب 63 کروڑ روپے بنتی تھی اور کچھ ڈسکوز نے غلط اضافہ طلب کیا تھا، اس لیے سینٹرل پاور ایجنسی اور نیپرا کی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے جائزہ لیے جانے کے بعد تین ماہ کے لیے فی یونٹ اضافہ 9 پیسے بنتا ہے۔

کیونکہ اضافہ کافی معمولی ہے اس لیے اگر یہ فی یونٹ اضافی قیمت 2 ماہ میں صارفین سے وصول کی جائے تو ماہانہ اضافہ 13 پیسے فی یونٹ بنتے ہیں۔

کیس افسران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فی الحال مالی سال 24 کے حساب سے گزشتہ سہ ماہی (مارچ-جولائی) کی کیو ٹی اے کی مد میں اضافی ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ ملک بھر کے صارفین سے وصول کیا جا رہا ہے اور یہ وصولی رواں ماہ ختم ہو جائے گی، اس طرح سے دو ماہ اگر 13 پیسے فی یونٹ وصول کرے تو اوسط ٹیرف میں ایک روپیہ 61 پیسے فی یونٹ کمی ہوگی۔

سماعت کے دوران کچھ تاجروں نے کہا کہ حکومت نے اشارہ دیا تھا کہ بنیادی قومی ٹیرف پر جنوری میں نظرثانی کی جائے گی جس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی، مستحکم شرح تبادلہ اور شرح سود میں کمی کے اثرات کی وجہ سے تقریباً 8 روپے 12 پیسے فی یونٹ کمی ہو گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سردیوں کے لیے بجلی پیکج کی تحت فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف کی منظوری دی تھی جس کے تحت سردیوں میں بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف ملے گا۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاور ڈویژن نے سردیوں کے لیے بجلی پیکج کی سمری پیش کی تھی، پیکج کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا، سردیوں میں بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپےتک ریلیف ملے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی کےاستعمال پرٹیرف میں ریلیف دیا جائے گا، اضافی بجلی پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دینے کی منظوری دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024