• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

حکومت نے 4300 بھکاریوں کو نو فلائی لسٹ میں ڈال دیا

شائع November 21, 2024
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

حکومت پاکستان نے 4300 بھکاریوں کو نو فلائی لسٹ میں ڈال دیا اور بھکاریوں کو بیرون ملک بھیجنے والے مافیا کے خلاف حکومتی اقدامات سے متعلق بھی سعودی عرب کو آگاہ کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھیجنے والے مافیا کے خلاف اقدامات سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر داخلہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ کو بتایا کہ سعودی عرب جانے والے بھکاریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپناتے ہوئے تقریباً 4 ہزار 300 بھکاریوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے گئے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس کے علاوہ ملک بھر میں بھکاری مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان آنے والے سعودی شہریوں کے لیے ویزا کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور وہ جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز بھی پیش کی جب کہ سعودی نائب وزیر داخلہ نے اس سے اتفاق کیا اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد اور سعودی عرب میں قید 419 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے قانونی عمل جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملتان ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کے بھیس میں سعودی عرب جانے والی پرواز پر سوار 16 مبینہ بھکاریوں کو اتار دیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک بچہ، 11 خواتین اور 4 مردوں سمیت 16 افراد پر مشتمل گروہ عمرہ ویزوں پر سفر کر رہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024