منکی پاکس کے لیے دوسری ویکسین کے استعمال کی منظوری
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس یا ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے دوسری ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صحت کے عالمی ادارے نے جاپان میں تیار کی جانے والی اور وہیں استعمال کی جانے والی ویکسین (LC16m8) کے استعمال کی منظوری دے دی۔
مذکورہ ویکسین کو جاپان نے تیار کیا تھا اور دو سال قبل مذکورہ ویکسین کو وہاں مریضوں پر استعمال بھی کیا گیا تھا، جس کے نتائج حوصلہ کن آئے تھے۔
جاپان میں مذکورہ ویکسین کی کامیاب آزمائش کے بعد اب اسے دنیا بھر میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
مذکورہ ویکسین ایک سال سے زائد العمر افراد کو لگائی جا سکے گی اور اس کا ایک ہی ڈوز تجویز کیا گیا ہے، تاہم ڈاکٹرز کی تجویز پر کچھ عرصے بعد دوسرا ڈوز بھی لگوایا جا سکتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ ویکسین نہ صرف عام افراد بلکہ ایچ آئی وی سمیت دیگر مدافعتی کمزوری کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے بھی فائدہ مند اور محفوظ ہے۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے ستمبر میں پہلی ویکسین کے استعمال کی مشروط اجازت دی تھی، بعد ازاں اکتوبر میں ادارے نے مذکورہ ویکسین کو 12 سے 17 سال کی عمر کے افراد کے لیے بھی استعمال کرنے کی منظوری دی تھی۔
اب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مںظور کی گئی دوسری ویکسین 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی دی جا سکے گی۔
اس وقت منکی پاکس دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے، اس کے زیادہ کیسز براعظم افریقہ میں ریکارڈ ہو رہے ہیں جب کہ یورپ اور امریکا میں بھی ایم پاکس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو گزشتہ دو سال کے اندر دو بار ورلڈ ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے، دوسری بار اگست 2024 میں ایم پاکس کو گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا گیا تھا۔