• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چیمپینز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے میں ایک روز باقی، آئی سی سی تاحال اعلان نہ کرسکا

شائع November 20, 2024
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، قانونی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو 21 نومبر سے پہلے شیڈول اعلان کرنا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ہائبر ماڈل کو مسترد اور پاکستان میں ہی چیمپئنز ٹرافی کروانے کے اپنے سخت موقف پر ڈٹا ہوا ہے جس کے باعث شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ براڈ کاسٹرز ، اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز نے پاک - بھارت میچ کے بغیر شیڈول کا اعلان مسترد کر دیا ہے۔

آئی سی سی نے اگر وقت پر شیڈول کا اعلان نہیں کیا تو براڈ کاسٹر، اسپانسر اور کمرشل پارٹنرز قانونی کارروائی بھی کر سکتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران آئی سی سی کی جانب سے شیڈول کا اعلان انتہائی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی قانونی کارروائی کے لیے صلاح مشورے شروع کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ سے دستبردار ہوگئی تھی۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن ( آئی بی سی اے) کے صدر شیلنڈرا یادو نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے سرحد پار سفر کرنے سے روک دیا ہے اور انہیں رواں ہفتے 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے۔

دو روز قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کے حوالے سے آئی سی سی کے جواب کے منتظر ہیں، کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں آنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، ہم تحفظات دور کردیں گے۔

اس سے قبل پاک بھارت میچ کی غیریقینی صورتحال کے باعث براڈکاسٹرز کو ہزاروں ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے، بھارتی براڈکاسٹر نے آئی سی سی کو طے شدہ رقم میں کمی کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا تھا۔

تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل میں کروانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ’نقصان ہم پورا کردیں گے‘۔

خیال رہے کہ 3 روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر حکومتی ہدایت پر آئی سی سی کو خط لکھ کر پاکستانی حکومت کے سخت مؤقف سے آگاہ کیا گیا تھا۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024