سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑا اضافہ ہو گیا
ملک بھر میں مسلسل دوسرے روز سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے رپورٹ میں آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے بتایا کہ 24 قیراط فی تولہ سونے کے نرخ آج مزید 3 ہزار 600 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 73 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا، جس کی قیمت میں گزشتہ روز 2 ہزار 500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کے نرخ بھی 3 ہزار 86 روپے بڑھے، جس کے بعد اس کی قیمت 2 لاکھ 34 ہزار 482 روپے ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 22 قیراط 10 گرام سونا بھی مہنگا ہو کر 2 لاکھ 14 ہزار 942 روپے تک جا پہنچا۔
ادھر، چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت بالترتیب 3 ہزار 250 روپے اور 2 ہزار 786 روپے پر مستحکم رہی۔
ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی فی اونس قیمت 36 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 623 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز (18 نومبر) 24 قیراط فی تولہ سونے کے نرخ 2 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 69 ہزار 900 روپے تک پہنچ گئے تھے۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 144 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 31 ہزار 396 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 16 نومبر بروز ہفتہ ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 67 ہزار 400 روپے پر آ گئی تھی۔
2 بار سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی کے بعد 15 نومبر اس کے نرخ ایک ہزار 300 روپے بڑھ گئے تھے اور فی تولہ سونا 1300 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 67 ہزار 7 سو روپے کا ہوگیا تھا۔
14 نومبر کو ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی کے ساتھ 2 لاکھ 66 ہزار 400 روپے ہو گئی تھی۔
12 نومبر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوگئی تھی۔