کراچی: نجی ہوٹل میں آتشزدگی، قومی ویمن ون ڈے کپ ملتوی کر دیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی کے نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے باعث قومی ویمن ون ڈے کپ ملتوی کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ویمن ون ڈے کپ کی کھلاڑی نجی ہوٹل میں قیام پذیر تھیں، آگ لگنے کے وقت کچھ کھلاڑی میچ میں مصروف جبکہ چند آرام کے لیے ہوٹل میں موجود تھیں۔
ہوٹل میں آگ لگنے کے بعد کھلاڑیوں کو فوری طور پر اسٹیڈیم منتقل کردیا گیا جبکہ آتشزدگی سے بعض کرکٹرز کا ہوٹل میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
پی سی بی نے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کی وجہ کراچی میں ہوٹل بکنگ میں مشکلات بتائی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کراچی کے تمام نجی ہوٹل بک ہیں جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو اپنے گھروں کو جانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
پانچ ٹیموں پر مشتمل نیشنل ویمن ون ڈے کپ 8 سے 30 نومبر تک کراچی میں کھیلا جانا تھا جبکہ ایونٹ کا فائنل 30 نومبر کو منعقد ہونا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی کی شاہراہ فیصل پر واقع نجی ہوٹل کی تیسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر کچھ دیر بعد قابو پالیا گیا تھا۔
ریسکیو 1122 کا عملہ کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر ہوٹل کی بالائی منزل پر پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔
آگ لگنے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ریسکیو سروس کے مطابق آگ پر قابو پانے میں 4 فائر بریگیڈ اور 2 واٹر باؤزر نے حصہ لیا۔