عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی تک قومی وائٹ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک قومی وائٹ بال ٹیم کے عبوری کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس عرصے کے دوران عاقب جاوید قومی مینز نیشنل ٹیم کے سلیکشن کمیٹی کے سینئر ممبر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے اور اس ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد انہیں اضافی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔
اس دوران، پاکستان کرکٹ بورڈ وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل جاری رکھے گی اور 19 فروری سے 19 مارچ تک شیڈول آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے اختتام تک یہ تعیناتی کردی جائے گی۔
گزشتہ روز ذرائع نے یہ خبر دی تھی کہ عاقب جاوید کرکٹ بورڈ کی پیشکش پر راضی ہوگئے تو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ ہوں گے جب کہ آئندہ چند روز میں ہیڈ کوچ کی تقرری کا اعلان کردیا جائے گا۔
تاہم عاقب جاوید کے راضی نہ ہونے کی صورت میں سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق اور سابق کپتان و کوچ مصباح الحق کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے قومی وائٹ بال ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے دورہ آسٹریلیا سے قبل اچانک مستعفیٰ ہونے کے اعلان پر جیسن گلیسپی کو عبوری طور پر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی اور گیری کرسٹن کے درمیان معاملات کچھ عرصے سے خراب تھے، وہ سپورٹ اسٹاف میں اپنی ٹیم لانے کی اجازت نہ دینے پر ناراض تھے اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید سے اختلافات بھی ان کے مستعفی ہونے کی وجہ بنے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے خلاف 24 نومبر سے 5 دسمبر تک ون ڈے اور ٹی20 سیریز شیڈول ہیں جس کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان 10 سے 22 دسمبر تک جنوبی افریقہ میں 3 ون ڈے میچز کھیلے گا جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی سے پہلے 8 سے 14 فروری تک پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ فریقی سیریز کھیلی جائے گی۔