وزیراعظم کی طبیعت ناساز، نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس موخر
وزیر اعظم شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہونے والا اجلاس موخر کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث اجلاس موخر کردیا گیا۔
اپیکس کمیٹی اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول قیادت، وفاقی وزرا، چاروں وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کرنا تھی۔
اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی صورتحال سمیت صوبوں اور وفاق کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کی موثر شیئرنگ پر بھی غور کیا جانا تھا۔
اجلاس میں داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی بھی منظوری کے علاوہ امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جانا تھا جب کہ انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کی صورت حال بھی غور کیا جانا تھا۔
اپیکس کمیٹی اجلاس میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی وجوہات کا بھی جائزہ لینا تھا جب کہ شرکا کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج سے بھی آگاہ کیا جانا تھا اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی جانی تھی۔