کراچی سے ایک اور طیارہ بذیعہ سڑک حیدر آباد منتقل کرنے کا فیصلہ
ناکارہ طیاروں کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کے ملازمین کی تربیت کے لیے قابل استعمال بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں دوسرا طیارہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ضلع حیدر آباد منتقل کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نعیم عالم نے دوسرے طیارے کی کراچی سے حیدرآباد منتقلی کے فیصلے کی تصدیق کی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم ڈی 83 ساخت کے طیارے کی پیر کی رات جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حیدرآباد منتقلی کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) لے لیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 60 ٹن وزنی طیارے کو ٹریلر کے ذریعے نیشنل ہائی وے سے حیدرآباد منتقل کیا جائے گا، طیارے کو 2 حصوں میں منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ناکارہ طیارے کو نیشنل ہائی وے گھارو ٹھٹھہ سے حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے تربیتی ادارے میں منتقل کئے جانے والا یہ دوسرا طیارہ ہوگا جب کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ کے آخر میں تاریخ میں پہلی مرتبہ طیارے کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کیا گیا تھا۔
طیارے کی منتقلی کے عمل کا مشاہدہ کرنے والے ہمایوں خالد نے ڈان کو بتایا تھا کہ ٹریلر پر لادنے سے قبل 110 فٹ لمبے شاہین ایئرلائن کے ناکارہ بوئنگ 737 کے پروں کو الگ کردیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ طیارے کو سول ایوی ایشن انسٹی ٹیوٹ میں فائر فائٹرز کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے ملکی تاریخ کے اپنی نوعیت کے پہلے آپریشن کے دوران 40 ٹن وزنی بوئنگ 737 طیارے کو 72 وہیلر ٹریلر پر لادا اور اسے بذریعہ ایم 9 موٹر وے حیدرآباد پہنچایا تھا جب کہ طیارے کی منتقلی کے دوران ایم 9 موٹر وے پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تھی۔
طیارے کی منتقلی کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی ایئرلائن کے 3 ناکارہ بوئنگ 777 طیاروں کو بھی اسی طرح ٹریلرز پر لاد کر جدہ سے ریاض منتقل کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہین ایئرلائن کا ناکارہ طیارہ کئی سال سے ایئرپورٹ پر کھڑا تھا جسے بدھ کی رات گئے ایئرپورٹ سے ایم 9 موٹروے منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارے کو حیدرآباد میں سول ایوی ایشن انسٹی ٹیوٹ میں فائر فائٹرز کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا، طیارے کے ذریعے سول ایوی ایشن کے فائر فائٹرز کو آگ لگنے کی صورت میں طیارے سے مسافروں کی نکالنے کی تربیت دی جائے گی۔