• KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:33am
  • ISB: Fajr 5:16am Sunrise 6:43am
  • KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:33am
  • ISB: Fajr 5:16am Sunrise 6:43am

ٹرمپ نے 27 سالہ کیرولائن لیوٹ کو وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نامزد کردیا

شائع November 17, 2024
— فوٹو: بشکریہ - جی ایس امیج
— فوٹو: بشکریہ - جی ایس امیج

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 سالہ کیرولائن لیوٹ کو وائٹ ہاؤس کا پریس سیکریٹری نامزد کردیا، انہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کی پریس سیکریٹری کے فرائض انجام دیے تھے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں شامل ہونے والے مزید ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

نو منتخب صدر نے اپنی انتخابی مہم کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ کو وائٹ ہاؤس کا پریس سیکریٹری بنانے کا بھی اعلان کیا ہے، کیرولائن اس سے قبل ٹرمپ کے دور میں اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

کیرولائن لیوٹ نے 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کے لیے فاکس نیوز کی اسٹوڈنٹ اسسٹنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور اس کے بعد سے ان کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں اور اس بار انہیں وائٹ ہاؤس کے لیے پریس سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے، وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی کم عمر ترین شخصیت ہوں گی۔

ٹرمپ نے کیرولائن کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی ہوشیار ہے اور اچھی گفتگو کرنے میں مہارت رکھتی ہے، مجھے پورا اعتماد ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی اور امریکی عوام تک ہمارا پیغام پہنچانے میں مدد کریں گی۔

نیو ہیمپشائر سے تعلق رکھنے والی کیرولائن ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ہمیشہ ان کے قریب موجود رہیں، انہوں نے انتخابی مہم کے دوران تمام ریلیوں میں ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور وہ ٹرمپ کے ساتھ عدالت میں پیشی پر بھی دکھائی دیں۔

چند ماہ قبل اپنے پہلے بچے کو جنم دینے والی کیرولائن ڈونلڈ ٹرمپ کے ’امریکا فرسٹ‘ تارکین وطن مخالف ایجنڈے کی حامی ہیں اور وہ روایتی میڈیا کمپنیوں کے لیے بھی نفرت کا اظہار کرچکی ہیں۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل ری پبلکن سینیٹر مارکو روبیو کو وزیرِ خارجہ نامزد کر دیا تھا، وہ خارجہ تعلقات اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے سینئر رکن بھی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی، وہ حکومتی کارکردگی کی مہم کی قیادت کریں گے۔

اس سے قبل 8 نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کی منیجر سوزی وائلز کو اپنا چیف آف اسٹاف مقرر کر دیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024