• KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:50am
  • LHR: Fajr 5:08am Sunrise 6:32am
  • ISB: Fajr 5:15am Sunrise 6:42am
  • KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:50am
  • LHR: Fajr 5:08am Sunrise 6:32am
  • ISB: Fajr 5:15am Sunrise 6:42am

بھارتی ریاست اترپردیش کے ہسپتال میں آتشزدگی، 10 نوزائیدہ بچے ہلاک

شائع November 16, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی میں ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں آکسیجن مشین میں خرابی کے باعث آگ لگنے سے 10 بچے ہلاک جبکہ 16 شدید زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے جنوب میں تقریباً 450 کلومیٹر دوری پر واقع شہر جھانسی میں لکشمی بائی میڈیکل کالج میں جمعے کی رات کو آگ بھڑک اٹھی۔

واقعے کی فوٹیج میں وارڈ کے اندر بیڈ اور دیواروں کو خاکستر ہوتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ پریشانی میں مبتلا اہلخانہ باہر انتظار کر رہے ہیں۔

ریسکیو کیے گئے نوزائیدہ بچوں کو متعلقہ وارڈ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر انہیں طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔

اتر پردیش کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ پرجیش پاٹھک نے رپورٹرز کو بتایا کہ ’ افسوس کے ساتھ 10 نوازائیدہ بچوں کی موت ہوچکی ہے، جُھلَس جانے والے 7 بچوں کی شناخت ہو گئی ہے تاہم 3 بچوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔’

پولیس سپرنٹنڈنٹ گیانیندار کمار سنگھ نے بتایا کہ ریسکیو کیے جانے والے مزید 16 شیر خوار بچوں کا علاج جاری ہے۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ آگ ممکنہ طور پر آئی سی یو میں موجود آکیسجن فراہم کرنے والے یونٹ میں خرابی کے باعث لگی، ریسیکیو کیے گئے تمام بچے محفوظ ہیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔’

ڈپٹی وزیر اعلیٰ براجیش پاٹھک نے کہا کہ ’ آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کی جائے گی، اگر کسی قسم کی غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔’

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق آگ لگنے کے وقت انتہائی نگہداشت یونٹ میں 54 شیر خوار بچے موجود تھے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بچوں کی اموات پر رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں اس واقعے میں اپنے پیارے بچوں کو کھونے والے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔‘

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیاناتھ نے واقعہ میں ہلاک ہونے والے بچوں کے اہلخانہ کے لیے 5 لاکھ بھارتی روپے کا اعلان کیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں آگ سے بچاؤ کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات نہیں تھے جبکہ پولیس نے سہولیات کے فقدان پر ایک ڈاکٹر اور ہپستال کے مالک کو گرفتار کیا ہے۔

بھارت میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں، جہاں عمارت سازوں اور رہائشیوں کی طرف سے قوانین اور حفاظتی اصولوں کی اکثر خلاف ورزی کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ مئی میں ایک ہسپتال میں آگ لگنے کے بعد کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس میں 7 بچے بھی شامل تھے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 16 نومبر 2024
کارٹون : 15 نومبر 2024