• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:49am
  • LHR: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:41am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:49am
  • LHR: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:41am

لاہور: آمنہ قادر جیل اصلاحات سے متعلق ذیلی کمیٹی کی کوآرڈینیٹر مقرر

شائع November 15, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جیل اصلاحات سے متعلق آن لائن اجلاس ہوا جس میں آمنہ قادر کو جیل اصلاحات سے متعلق ذیلی کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور دیگر ججز سمیت پنجاب کے اعلیٰ افسران کے علاوہ آمنہ قادر، سینیٹر احد چیمہ اور خدیجہ شاہ نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیف جسٹس نے آمنہ قادر کو جیل اصلاحات سے متعلق ذیلی کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا اور لاہور ہائیکورٹ، لا اینڈ جسٹس کمیشن، پولیس اور محکمہ جیل کو ذیلی کمیٹی کی معاونت کی ہدایت کردی۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے قانونی اصلاحات کے ذریعے فوجداری نظام انصاف میں مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت جیل اصلاحات سے متعلق لاہور میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے بھی شرکت کی تھی۔

اجلاس میں 9 مئی کے مقدمات میں جیل میں قید کاٹنے والی خدیجہ شاہ، دیگر معزز جج صاحبان، جیل سپریٹینڈنٹ، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی، اجلاس میں نیشنل جیل ریفارم پالیسی تیار کرنے کے لیے افتتاحی بحث کی گئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا تھا کہ منصفانہ قانونی فریم ورک کو یقینی بنانے کے لیے جیل کا موثر نظام ضروری ہے، لا اینڈ جسٹس کمیشن کے اعداد و شمار سے ملک بھر میں گہری تشویشناک صورتحال کا پتا چلتا ہے، 66 ہزار کی گنجائش رکھنے والے جیلوں میں ایک لاکھ سے زائد قیدیوں کو رکھا ہوا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا تھا کہ اس حوالے سے پنجاب کو خاص طور پر شدید چیلنجز کا سامنا ہے، پنجاب میں 36 ہزار افراد کی گنجائش والی جیلوں میں 67 ہزار سے زائد قیدیوں کو رکھا گیا ہے، 36 ہزار سے زائد قیدی وہ ہیں جن کے مقدمات زیر سماعت ہیں، یہ قیدی ایک سال سے زائد عرصے سے اپنے مقدمات کی سماعت کے منتظر ہیں۔

اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پنجاب بھر کی جیلوں کا معائنہ کرنے اور سفارشات دینے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی تھی، کمیٹی میں جسٹس ریٹائرڈ شبر رضا رضوی، صائمہ امین خواجہ ایڈووکیٹ، سینیٹر احد چیمہ اور خدیجہ شاہ کو شامل کیا گیا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024