• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

اسرائیل کی شام میں رہائشی عمارتوں پر بمباری، خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد شہید

شائع November 14, 2024
— فوٹو: ثنا نیوز ایجنسی
— فوٹو: ثنا نیوز ایجنسی

اسرائیل کے شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقوں میں متعدد رہائشی عمارتوں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد شہید اور 16 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے شام کی نیوز ایجنسی ثنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ شام کے فوجی ذرائع نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، مزید کہنا تھا کہ یہ عمارتیں دارالحکومت کے مغرب میں مزہ اور قدسیہ کے مضافات میں واقع ہیں۔

ثنا ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تقریباً دوپہر 3 بج کر 20 منٹ پر اسرائیلی دشمن نے مقبوضہ شامی گولان کی سمت سے فضائی جارحیت کی، اور دارالحکومت دمشق کے محلے مزہ اور قدسیہ کے علاقے میں متعدد رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔

مزید بتایا کہ حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد شہید اور 16 زخمی ہو گئے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ جارحیت کی وجہ سے نجی املاک اور قریبی عمارتوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔

اسرائیل برسوں سے شام میں ایران سے منسلک اہداف کے خلاف حملے کر رہا ہے لیکن 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیلی فوج پر حملے کے بعد سے جارحیت میں تیزی آئی ہے۔

دوسری جانب، صہیونی فوج کے غزہ میں مظالم جاری ہیں، الجزیرہ کی رپورٹ میں وزارت صحت کے حوالے سے بتایا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹے میں اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی میں 3 حملے کئے، جس کے نتیجے میں مزید 24 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہوگئے۔

غزہ میں وزارت صحت کا کہنا تھا کہ جبالیہ کیمپ،غزہ پر بمباری سے کم ازکم 10فلسطینی شہید اور 30سے زائد زخمی ہو گئے۔

مزید کہا کہ 7 اکتوبر2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں 43 ہزار 749 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 400 سے تجاوز کر چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024