• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پہلا ٹی20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے دی

شائع November 14, 2024
— فائل فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فائل فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو / ایکس
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو / ایکس

آسٹریلیا نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے بارش سے متاثرہ (7 اوورز فی اننگز) میچ میں ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

آسٹریلیا نے محدود اوورز کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 94 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 64 رنز بنا سکی۔

گرین شرٹس کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پہلے اوور کی پہلی دو گیندوں پر چوکے لگانے کے بعد صاحبزادہ فرحان فاسٹ باؤلر سپینسر جونسن کا شکار بنے، وہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اوور کی دوسری گیند پر ہی کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد وکٹ پر آنے والے اسٹار بیٹر بابر اعظم اور عثمان خان بھی زیادہ دیر بیٹنگ نہ کرسکے اور دونوں کھلاڑی بلترتیب 3 اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم نیتھن ایلس اور عثمان خان زیویئر بارٹلیٹ کا شکار بنے، یوں پاکستان کی آدھی ٹیم محض 16 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیتھن ایلس اور زیویئر بارٹلیٹ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے پاکستانی ٹیم ریت کی دیوار نظر آئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، سلمان آغا 4، عرفان خان صفر، حسیب اللہ خان 12 رنز اسکور کر سکے جبکہ عباس آفریدی 20 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

کینگروز کی جانب سے نیتھن ایلس اور زیویئر بارٹلیٹ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گلین میکسویل کو برق رفتار بلے بازی کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 7 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 93 رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے ون ڈے سیریز میں ناکام رہنے والے گلین میکسویل نے 19 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے اور ٹیم کو ایک مستحکم ٹوٹل تک پہنچایا، قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر عباس آفریدی 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی20 انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، مسلسل بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی تقریباً 2 گھنٹے تاخیر سے ہوا۔

بارش سے متاثرہ میچ کو 7 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا ہے جس میں قانون کے مطابق صرف 2 اوورز کا پاور پلے ہوگا اور 3 باؤلرز 2،2 اوورز کرواسکتے ہیں۔

آسٹریلیا بیٹنگ:

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریزر میک گرک، میتھیو شارٹ نےکیا اور وہ بالترتیب 9 اور 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے گلین میکسوئل نے جارحانہ بلے بازی کی، انہوں نے 19 گیندوں پر 43 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

ٹم ڈیوڈ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مارکس اسٹوئنس نے 7 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

قومی ٹیم کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا ٹی20 ٹیم کی قیادت جوش انگلس کررہے ہیں جب کہ انہیں، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، مچل اسٹارک، جوش ہیز ل ووڈ کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔

آسٹریلیا پلینگ الیون:

جوش انلگس (کپتان)، جیک فریزر میک گرک، میتھیو شارٹ، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹوئنس، ایرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور سپینسر جانسن

پاکستان پلینگ الیون:

محمد رضوان (کپتان)، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، حسیب اللہ، سلمان علی آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ

واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں 22 سال بعد شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024