• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خارجی ہلاک

شائع November 13, 2024
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 8 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران 6 خوارجی زخمی بھی ہوئے جبک علاقے میں ممکنہ خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری طرف صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بالگتر میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، مارے گئے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب سرغنہ ثنا عرف بارو بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب سرغنہ ثنا عرف بارو بھی شامل ہے۔

کمانڈر ثنا عرف بارو مکران ڈویژن میں خودکش بمبار بھرتی کرتا تھا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آپریشن کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، پوری قوم بلوچستان کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے۔

صدر مملکت نے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024