• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

27 لاکھ پاکستانیوں کا نادرا سے ریکارڈ چوری ہونے کا انکشاف

شائع November 12, 2024
— فوٹو: نادرا
— فوٹو: نادرا

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں 27 لاکھ پاکستانیوں کا نادرا سے ریکارڈ چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ 27 تحصیلیں ایسی ہیں جہاں نادرا کے دفاتر ہی موجود نہیں ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس راجا خرم نواز کی زیر صدارت ہوا، چیئرمین نادرا نے بریفنگ میں بتایا کہ 27 لاکھ پاکستانیوں کا نادرا سے ریکارڈ چوری کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 61 تحصیلیں ایسی ہیں جن میں نادرا کے دفاتر نہیں ہیں، یہ ایسی تحصیلیں ہیں جہاں حکومت نے اعلان تو کردیا لیکن ان کی حلقہ بندی نہیں کیں۔

چیئرمین نادرا نے بتایا کہ نادرا کے اندر کئی ایسے تعیناتیاں ہوئیں جو ایڈورٹائز نہیں ہوئیں، بہت سے افسران نے اپنی ڈگریاں بعد میں مکمل کیں جب کہ نادرا کے دفاتر کو نہیں بڑھا سکتے، نادرا کے دفاتر بڑھانے سے شناختی کارڈ کی فیس بڑھانا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نادرا کا اپنا فنڈ ہے، ہم نے فیس تبدیل نہیں کی، ہم نے کارڈز کو ری نیو نہیں کیا، ہمارا بجٹ 57 ارب ہے اور 87 فیصد تنخواہوں میں جاتا ہے جب کہ وفاقی حکومت کا چیئرمین اور بورڈ کی تعیناتی کے علاوہ کوئی عمل دخل نہیں ہے، نادرا کی تمام تعیناتیاں نادرا حکام کی جانب سے کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 240 کے قریب نادرا وینز موجود ہیں، 90 وینز ہم مزید خریدنے جا رہے ہیں، 75 وینز پر سیٹلائٹ کنیکٹویٹی کی سہولت موجود ہوگی، کوئٹہ اور خیبرپختونخوا میں 35 وینز پر سیٹلائٹ کنیکٹویٹی ہے۔

کمیٹی کے رکن حنیف عباسی نے کہا کہ نادرا کے دفتر سے افغانوں کے جعلی شناختی کارڈ بنے ہیں، رکن کمیٹی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا تھا بہاریوں کا مسئلہ حل کرکے آگے بڑھیں گے، یہ کمٹمنٹ ہوئی تھی کہ جب تک بہاریوں کا مسئلہ حل نہیں ہوتا کوئی حکومتی بل منظور نہیں ہوگا۔

کمیٹی کے رکن طارق فضل چوہدری نے آغا رفیع اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں بہاریوں کے مسئلے پر آپ کی بھرپور سپورٹ کرتا ہوں۔

کمیٹی کی 3 اور 16 ایم پی او بل میں ترمیم کی مخالفت

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 3 اور 16 ایم پی او قوانین سے متعلق بل میں ترمیم کی مخالفت کی گئی۔

کمیٹی کے رکن صاحبزادہ صبغت اللہ نے کہا کہ یہ وہ بل ہے جس کی قائد اعظم نے بھی انگریزوں کے دور میں مخالفت کی تھی۔

رکن کمیٹی زرتاج گل نے کہا کہ مجھے بنا دوپٹے کے گھر سے تھری ایم پی او کے تحت گھسیٹا گیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ انہیں گرفتار کیا گیا، میری بیٹی کو میڈیکل کالج سے نکال دیا گیا، ماں، بہن اور بیٹی کو ان معاملات میں لانے کی مخالفت کرتا ہوں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ان کی بہن جو ملک میں بھی نہیں تھی انہیں بھی 9 مئی کے مقدمے میں ملوث کیا گیا۔

’محکمہ جاتی غلطیوں پر بھی احتساب ہونا چاہیے‘

اجلاس میں بجلی چوری کے حوالے سے پولیس کو اختیارات دینے کے معاملے پر سیکریٹری پاور ڈویژن کی جانب سے داخلہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جس کیس میں قابل دست اندازی جرم نہ ہو پولیس کارروائی نہیں کر سکتی، ہم نے جب مقدمات کا اندراج کیا تو سندھ حکومت سے اعتراض آیا، بجلی چوری روکنے کے حوالے سے ایکٹ کے ذریعے مزید اختیارات حاصل کر رہے ہیں۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بڑے چور کو پکڑا نہیں جاتا چھوٹے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، کئی لوگوں کو 3،4 لاکھ کا اچانک سے بل آجاتا ہے،کئی ماہ بعد پتا چلتا ہے کہ بل غلطی سے اتنا زیادہ آگیا، محکمہ جاتی غلطیوں پر بھی احتساب کا عمل ہونا چاہیے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سوئی سدرن گیس ایکٹ میں تمام چوریوں کے لیے الگ سلیب موجود ہیں، اگر بجلی کا بل میرے نام پر ہے چوری میرا کرایہ دار کر رہا ہے، آپ کے پاس کیا پیمانہ ہے کہ چوری کس نے کی ہے، پہلے انڈسٹریل چوریاں پکڑی جائیں پھر عام صارفین پر آئیں، اس ترمیم کو ایم کیو ایم کی جانب سے سپورٹ نہیں ملے گی۔

سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ اگر کسی نے بل نہ دیا یا اس نے قسطیں کروا لیں اس پر مقدمہ نہیں ہوتا، پرچہ صرف ٹیمپرنگ پر یا کنڈا پکڑنے پر ہوتا ہے، اگر کمیٹی کہتی ہے تو ہم گیس ایکٹ کو دیکھ سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024