• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

بھارت کا پاکستانی اسکریبل پلیئرز کو ویزے دینے سے انکار

شائع November 11, 2024
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

بھارتی ہائی کمیشن نے زیادہ تر پاکستانی اسکریبل کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ویزے نہ ملنے کے سبب ایشیا یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ٹیم ٹائٹل کے دفاع سے محروم ہوگئی ہے۔

پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر طارق پیریز نے بتایا کہ 2 ماہ قبل درخواستیں جمع کروانے کے باوجود بھارتی ہائی کمیشن نے تاخیر سے پروسیس کیا، جبکہ کچھ پلیئرز کو آخری لمحات میں ویزے دیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ نصف ٹیم کو بغیر وضاحت کے ویزے دینے سے انکار کیا گیا، اس میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2022 میں بھارت میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی تھی۔

طارق پیریز کا کہنا تھا کہ موجودہ ورلڈ یوتھ چیمپئنز اور دفاعی ایشین یوتھ ٹائٹل ہولڈرز کی حیثیت سے پاکستان کی غیر موجودگی ایک اہم دھچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم ویزے ملنے کی امید کے ساتھ لاہور آئی لیکن اب مایوس ہو کر واپس کراچی لوٹ جائیں گے۔

پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن نے بھارت کی جانب سے کھیلوں کی اسپرٹ برقرار رکھنے میں ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اب مزید سازگار نتائج کی امید کے ساتھ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔

پاکستان کے 16 سالہ عفان سلمان ستمبر میں سری لنکا میں ہونے والی 19ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ 2024 جیت چکے ہیں، پاکستانی ٹیم نے ٹرافی بھی جیتی اور نمبر ون رینکنگ ٹیم ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ 4 کھلاڑیوں میں ٹاپ 10 میں جگہ بنائی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024