• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

پاکستانی سفیر کا سلیکون ویلی میں گوگل پلیکس کا دورہ، پاکستانی ٹیک پروفیشنلز سے ملاقات

شائع November 10, 2024
فوٹو:ریڈیو پاکستان
فوٹو:ریڈیو پاکستان

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست کیلی فورونیا کی سلیکون ویلی میں گوگل پلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گوگل میں کام کرنے والے پاکستانی ٹیک پروفیشنلز کے ساتھ غیر رسمی تبادلہ خیال کیا۔

آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز (اوپن) سلیکون ویلی کے سالانہ فورم میں سفیر پاکستان نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی شرح نمو کے اہداف کا خاکہ پیش کیا جس کا مقصد آئی ٹی اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات (آئی ٹی ای ایس) کی برآمدات کو 2029 تک 15 بلین ڈالر اور 2030 تک 30 بلین ڈالر تک بڑھانا ہے۔

انہوں نے ملک میں موجود فری لانسرز پر روشنی ڈالی جو پاکستان کو فری لانس خدمات فراہم کرنے والے سرفہرست عالمی ممالک میں شامل کرتے ہیں، انہوں نے حالیہ پالیسی اصلاحات کو اجاگر کیا۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آئی ٹی مارکیٹ، اس کی بے پناہ استعدادِ کار اور سلیکون ویلی اور امریکی ٹیک ایکو سسٹم میں ملک کے اسٹریٹجک مقاصد کو اجاگر کیا۔

دوران گفتگو سلیکون ویلی کے اختراعی ماحولیاتی نظام میں پاکستان کی نمائندگی کو بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

سفیر پاکستان نے اس امر کو اجاگر کیا کہ کس طرح سفارت خانہ اور قونصل خانے پاکستانی اور امریکی ٹیک کمپنیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم اور راستے کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔

سفیر نے شرکا کو پاک یو ایس ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی آگاہ کیا جس کا ا ہتمام پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے کیا جا رہا ہے اور جو آج 10 نومبر 2024 کو اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔

قبل ازیں، سفیر پاکستان رضوان شیخ اور لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل نے گوگل کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان سے ورچوئل میٹنگ کی۔

سیشن کے دوران سفیر نے پاکستان کی آئی ٹی صنعت کی ترقی، حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کو عالمی آئی ٹی ایکو سسٹم میں ضم کرنا، روزگار پیدا کرنا اور آئی ٹی برآمدات کو بڑھانا ہے، انہوں نے گوگل کو حکومت پاکستان کے مکمل تعاون کے ساتھ ساتھ امریکا میں اس کے سفارتی مشن کی حمایت کا یقین دلایا تاکہ باہمی تعاون کو سہل بنایا جا سکے۔

انہوں نے امریکی ٹیک مارکیٹ میں پاکستان کی برانڈنگ کو بڑھانے کے لیے گوگل کی معاونت کی درخواست کی اور دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے ایک روڈ میپ پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں فریقین نے پاکستان میں گوگل کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا جن میں ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ، ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی تربیت، طلبہ کے لیے کوڈنگ پروگرام، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل مہارتوں کو بڑھانا ہے۔

دوران گفتگو پاکستان کی گیمنگ، اینی میشن انڈسٹریز اور اے آئی پراڈکٹ ڈویلپمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے گوگل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ اس کے آئی ٹی سیکٹر کی مکمل صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے اور جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024