• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 147واں یومِ ولادت، مزار پر خصوصی تقریب

شائع November 9, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا آج 147واں یومِ ولادت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا، اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ اقبال پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 147ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود تھے۔

مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد پاک بحریہ کے چاق چوبند دستے نے علامہ اقبال کے مزار کے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پاک رینجرز پنجاب کا دستہ گارڈز کے فرائض پاک بحریہ کے دستے کے سپرد کرکے مزارِ اقبال سے رخصت ہوگیا۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھول چڑھائے گئے، جس کے بعد مزار پر فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

تقریب کے آخر میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کو آخری سلام پیش کیا گیا جب کہ مہمانِ خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ ان کی فکری اور روحانی عظمت کا ثبوت ہے، آج کے دن عہد کریں کہ اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکے نئی امید و عزم سے آگے بڑھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری عمل اور خودشناسی کی لازوال دعوت ہے، اقبال نے سکھایا کہ نوجوان غیر متزلزل ایمان اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئیے، آج عہد کریں کہ ہم سب اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکے عمل کریں گے اور نئی امید اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اور ایک بلند پایہ شخصیت تھے، ان کے افکار اور تحریروں نے نہ صرف پورے برصغیر، وسط ایشیا بلکہ پوری دنیا پر گہرا اثر ڈالا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنی علیحدہ شناخت کا ادراک دے کر ایک علیحدہ وطن کا خواب روشن کیا جس کے نتیجے میں وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024