سونے کی قیمت میں کمی کے بعد آج بڑا اضافہ ہو گیا
ملک بھر میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں چند روز سے جاری تنزلی کے بعد آج 2 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہو گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 78 ہزار 800 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ روز 2 لاکھ 76 ہزار 800 روپے رہی تھی۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کے نرخ ایک ہزار 715 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 39 ہزار 26 روپے ہو گئے ہیں جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 19 ہزار 107 روپے ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمتیں بالترتیب 3 ہزار 300 روپے اور 2 ہزار 829 روپے پر برقرار ہیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 21 ڈالر اضافے کے بعد 2 ہزار 683 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 5 ہزار 400 روپے کی بڑی کمی کے ساتھ 2 لاکھ 76 ہزار 800 روپے ہوگئی تھی۔
ادھر، اے اپی پی کی رپورٹ کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سعودی گولڈ مارکیٹ میں 24 قیراط ایک گرام سونا 324.25 ریال جبکہ 22 قیراط ایک گرام سونا 297.23 ریال میں فروخت کیا گیا۔