• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:35pm

اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ، وکلا کی منگل کو ملاقات کرانے کا حکم

شائع November 8, 2024 اپ ڈیٹ November 8, 2024 11:28am
— فائل فوٹو: ہائیکورٹ ویب سائٹ
— فائل فوٹو: ہائیکورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیملی اور وکلا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے منگل کے روز ملاقات کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل فرید چوہدری، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم اور ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز ملاقات کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی، مجھے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھی جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، اسد قیصر، شبلی فراز کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ انہوں نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے، انہوں نے اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹرز ہیں، جبکہ انہیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ 6 لوگ ملنا چاہتے ہیں۔

وکیل فیصل فرید چوہدری نے کہا کہ انتظار پنجھوتھا کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتا ہوئے تھے، انہوں نے لسٹ دی تھی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی، یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ ان کے ڈاکٹر دن میں تین دفعہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتے ہیں، جمعرات کو فیملی، وکلا اور ڈاکٹر ز کے لیے مختص ہے، بدھ کا دن سیاسی رہنماؤں اور دوستوں کے لیے ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اگلے ہفتے ملاقات ہوگی، کیونکہ ایس او پیز طے ہوچکے ہیں، عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹر مقرر ہوئے تھے، انہوں نے 6، 6 نام دینے تھے جو ملنے جا سکتے ہیں۔

جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کون کرے گا؟ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر کے درمیان تنازع سامنے آیا ہے، عمران خان فیملی، دوستوں، وکلا جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں وہ لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لے کر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے، امید ہے اس سے جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا کے درمیان تنازع ختم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن تشکیل دیں گے، وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے گے۔

عدالت نے فیملی اور وکلا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے منگل کے روز ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکریٹری سلمان اکرم راجا کو بھی بھیجنے کی ہدایت کردی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024