دوسرا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کردی
دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ میں پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ابتدا سے ہی آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی، پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔
ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
یہ 2017 کے بعد پہلی بار آسٹریلوی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی پہلی فتح ہے۔
اوپننگ بلے باز صائم ایوب 71 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عبداللہ شفیق 64 رنز اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، شاندار باؤلنگ کرنے پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، شان ایبٹ کی جگہ فاسٹ بالر جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کی ٹیم میں میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، مچل اسٹارک کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی پلیئنگ الیون
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین
آسٹریلیا پلیئنگ الیون
پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا