اسلحے کی مدد سے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنائی، اریج چوہدری
حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں دھوکیباز بیوی نتاشا کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی اریچ چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اسلحے کی مدد سے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنائی۔
اریچ چوہدری حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی غلطی کی وجہ سے اپنے اغوا کی کوشش کی کہانی بھی سنائی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایک بار انہوں نے آن لائن ٹیکسی بک کروائی لیکن جب گاڑی ان کی لوکیشن پر پہنچی تو انہوں نے گاڑی کا نمبر اور دوسری چیزیں چیک ہی نہیں کیں اور گاڑی میں بیٹھ گئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی دوست کے پاس جا رہی تھیں لیکن گاڑی کا نمبر اور دوسری چیزیں نہ کرنے کی وجہ سے انہیں مشکل پیش آئی۔
اریچ چوہدری نے کہا کہ وہ لائسنس یافتہ اسلحہ اور حفاظت کی دوسری چیزیں ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتی ہیں اور اس وقت بھی ان کے پاس حفاظتی چیزیں موجود تھیں۔
اداکارہ کے مطابق کچھ دیر کے بعد انہوں نے نوٹ کیا کہ وہ جن راستوں سے گاڑی گزر رہی ہیں، وہ راستے دوسرے ہیں، ان کی لوکیشن کی طرف نہیں جاتے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے نوٹ کیا کہ ٹیکسی ڈرائیور فون پر دوسرے افراد سے بھی مشکوک باتیں کر رہے ہیں لیکن اس باوجود انہوں نے کچھ نہیں کیا اور ٹیکسی ڈرائیور کو نوٹ کرتی رہیں۔
اریج چوہدری کے مطابق آگے چل کر انہوں نے دیکھا کہ ایک سڑک پر ان کی گاڑی کے آگے پانچ موٹر سائیکل سوار افراد آکر کھڑے ہوگئے، تب انہوں نے اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ نکالا اور ڈرائیور کے جسم پر رکھ کر انہیں گاڑی تیز کرنے کا کہا۔
اداکارہ نے بتایا کہ اسلحہ دیکھنے کے باوجود ڈرائیور نے گاڑی تیز نہیں کی، جس کے بعد انہوں نے چاقو نکال کر ڈرائیور کے جسم پر زخم کیا، جس کے بعد ڈرائیور نے وہاں سے گاڑی تیز کی۔
اریج چوہدری کے مطابق اپنی ہوشیاری اور حاضر دماغی کی وجہ سے انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور کی کوشش ناکام بنائی لیکن وہ اپنی ہی غلطی کی وجہ سے مذکورہ مسئلے میں پھنسیں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ آگے چل کر وہ ٹیکسی سے راستے میں ہی اتر گئیں اور ڈری اور سہمی ہوئی اپنی دوست سے ملنے ہوٹل پہنچیں، جہاں انہیں دوست دیکھ کر حیران رہ گئیں اور پوچھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے؟
اریج چوہدری کے مطابق انہوں نے مذکورہ واقعے کا مقدمہ دائر نہیں کروایا، کیوں کہ انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور اور ٹیکسی کا نمبر اور دوسری چیزیں نوٹ ہی نہیں کی تھیں۔