• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان 2 ہفتوں میں متوقع

شائع November 7, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان اگلے 2 ہفتوں میں متوقع ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کو تاحال اپنی حکومت سے اجازت نہیں ملی، آئی سی سی نے چمپئنز ٹرافی کے لیے متبادل پلان بھی تیار کر رکھا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈرافٹ شیڈول میں بھارت کے میچز لاہور میں کرانے کی تجویز دی ہے تاہم بھارت سمیت چند ٹیموں کے میچز کی تاریخوں میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔

آئی سی سی کا وفد آئندہ ہفتے پاکستان آمد پر پی سی بی حکام کو فیصلے سے متعلق آگاہ کرے گا، آئی سی سی وفد میں شعبہ ایونٹس، پروڈکشن اور سیکیورٹی ماہرین شامل ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے متبادل پلان بھی تیار کررکھا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو تاحال حکومت سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ملی۔

تاہم آئی سی سی کو آئندہ ایک ہفتے میں بھارت کی جانب سے مثبت پیش رفت کی امید ہے، بھارت کے علاوہ دیگر 7 ممالک نے پاکستان میں کھیلنے کی رضامندی ظاہر کر رکھی ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان تقریب کے ذریعے کیا جائے یا صرف سوشل میڈیا چینلز پر کیا جائے گا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

عام طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹ کے آغاز سے 3 یا 4 ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتا ہے، مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے شیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے جنوری میں کیا گیا، اسی طرح، مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے جون میں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔

1996 کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ کرک انفو نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت کے تمام میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ لاہور میں واہگہ بارڈر کی وجہ سے میچز رکھے گئے ہیں تاکہ بھارتی شہری ان میچز میں آسانی سے شرکت کرسکیں۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

ڈرافٹ شیڈول

19 فروری: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

20 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت

21 فروری: افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ

22 فروری: انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا

23 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت

24 فروری: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش

25 فروری: انگلینڈ بمقابلہ افغانستان

26 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ

27 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ

28 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ افغانستان

یکم مارچ: پاکستان بمقابلہ بھارت

2 مارچ: انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ

5 مارچ: پہلا سیمی فائنل (اے ون بمقابلہ بی ٹو)

6 مارچ: دوسرا سیمی فائنل (بی ون بمقابلہ اے ٹو)

9 مارچ: فائنل

10 مارچ: فائنل ریزرو ڈے

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024