• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:43am
  • LHR: Fajr 5:01am Sunrise 6:24am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:32am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:43am
  • LHR: Fajr 5:01am Sunrise 6:24am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:32am

کراچی: چینی شہریوں کو قتل کرنے کی کوشش پر مفرور نجی گارڈ کیخلاف مقدمہ درج

شائع November 6, 2024
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی پولیس نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹ فیکٹری کے اندر 2 چینی شہریوں کی جان لینے کی کوشش پر مفرور نجی سیکیورٹی گارڈ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق شکایت کنندہ نجیب الرب نے بتایا کہ وہ لبرٹی ٹیکسٹائل ملز میں سیکیورٹی انچارج ہے، مزید بتایا کہ وہ 4 چینی شہریوں، پولیس اور نجی گارڈز کے ہمراہ سائٹ ایریا میں واقع ملز پر صبح تقریباً 8 بج کر 2 منٹ پر پہنچا۔

ایف آئی آر کے مطابق اس کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی شہری فیکٹری میں پہلی منزل پر نئی مشینیں نصب کرنے چلے گئے، وہ اپنے کام میں مصروف تھے کہ صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر ایگزیکٹیو سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ شریف اللہ پہلی منزل پر پہنچا، جو تقریباً 4 سے 5 ماہ سے کمپنی میں کام کر رہا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے اپنی 9 ایم ایم پستول سے نامعلوم وجوہات پر قتل کرنے کے ارادے سے چینی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 چینی شہری زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مشتبہ گارڈ اپنی پستول کے ہمراہ بھاگنے میں کامیاب رہا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر 9 ایم ایم پستول سے فائر کردہ گولیوں کے خالی خول برآمد کیے۔

شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ ملزم کی جانب سے فائرنگ کرنے سے فیکٹری ملازمین میں خوف اور دہشت پھیل گئی، لہٰذا وہ مفرور ملزم کے خلاف چینی شہریوں کو مارنے کی کوشش اور فیکٹری میں خوف کی فضا پیدا کرنے پر مقدمہ درج کرانا چاہتا ہے۔

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 324 اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7۔ اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی شہری زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ کراچی میں 2 چینی شہری زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم زخمیوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی تفتیش جاری ہے، پاکستان ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پُرعزم ہے، مزید کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اسلام آباد میں چینی سفارت خانے اور وزارت داخلہ سے رابطے میں ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 6 نومبر 2024
کارٹون : 5 نومبر 2024