• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

’کبھی میں کبھی تم‘ کے خوشگوار اختتام سے مداح خوش

شائع November 6, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ملک و بیرون ملک مقبول ہونے والے پاکستانی ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کے خوشگوار اختتام نے مداحوں کو خوش کردیا۔

ڈرامے کی آخری قسط 5 نومبر کو ٹی وی چینل سمیت ملک کے سینماؤں میں دکھائی گئی جب کہ یوٹیوب پر بھی اس کی آخری قسط کو براہ راست دکھایا گیا۔

ڈرامے کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوا تھا اور اسے ہفتے میں دو دن پیر اور منگل کو رات کو 8 بجے نشر کیا جاتا تھا۔

’کبھی میں کبھی تم‘ کے ذریعے فہد مصطفیٰ نے جہاں ایک دہائی بعد ڈراموں میں واپسی کی تھی، وہیں وہ پہلی بار اسکرین پر ہانیہ عامر کے ساتھ دکھائی دیے۔

ڈرامے میں ایک ہی خاندان کی کہانیوں کو مختلف زاویوں سے دکھایا گیا تھا اور ڈرامے کی مقبولیت اس کے کردار، کہانی، ڈائلاگز اور غیر حقیقی کہانی کو اپنی اداکاری سے حقیقت کے قریب تر دکھانے والے اداروں کی وجہ سے مقبولیت حاصل رہی۔

’کبھی میں کبھی تم‘ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ان ممالک میں بھی مقبول رہا، جہاں اردو زبان سمجھنے والے افراد رہتے ہیں۔

ڈرامے کی آخری اقساط میں اس طرح کے مناظر دکھائے گئے تھے، جس سے شائقین کو خدشہ تھا کہ اختتام پر فہد مصطفیٰ کے کردار کو خودکشی کرتے دکھایا جائے گا یا پھر ہانیہ عامر کا کردار تنگ آکر ان سے علیحدگی اختیار کرلے گا۔

شائقین کو ڈرامے کے اختتام کے حوالے سے سب سے زیادہ فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے رشتے اور تعلق کی پرواہ تھی اور سب کی خواہش تھی کہ انہیں اچھے میاں بیوی کے کرداروں میں دکھا کر ڈراما ختم کیا جائے اور ڈرامے کی ٹیم نے ایسا ہی کیا۔

فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے ڈرامے میں میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا، جن کے درمیان آخری اقساط میں غلط فہمیاں پیدا ہونے کی وجہ سے اختلافات شدت اختیار کرجاتے ہیں لیکن اختتام پر دونوں کو دوبارہ ایک ہوتے دکھایا گیا، جس پر شائقین خوش ہوئے۔

اسی طرح ڈرامے میں دوسرے کرداروں کی غلطیوں کو بھی سدھارا گیا اور تمام کرداروں کو ان کی غلطیوں کا احساس دلاکر ڈرامے کو ختم کیا گیا، جس پر شائقین نے ٹیم کی تعریفیں کیں۔

ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے علاوہ جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ، اریج چوہدری اور عماد عرفانی سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا۔

’کبھی میں کبھی تم‘ کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی تھی جبکہ ہدایات بدر محمود نے دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024