• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

لاہور: 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کا معاملہ، 2 ملزمان گرفتار

شائع November 5, 2024
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کے معاملے میں نامزد ملزم وقار اور اسد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈیفنس سی کے علاقے فیز 6 میں ٹھیک کام نہ کرنے پر میاں بیوی نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کیا تھا جس پر پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے فوری ایکشن لیا جس پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے متاثرہ بچی سے ملاقات کی اور اہل خانہ کو انصاف کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر حنا پرویز بٹ نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں گھر کے مالک وقار، بیوی اقرا اور اسد کے خلاف مقدمہ درج ہو چکا ہے جبکہ پولیس نے ملزم وقار اور اسد کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والے عناصر سے نرمی نہیں برتی جائے گی، بچی گزشتہ ڈیڑھ سال سے ڈی ایچ اے میں ایک گھر میں ملازمہ تھی، گھر کی مالکن بچی پر تشدد کرتی تھی۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ بچی کے جسم پر زخموں کے بے شمار نشانات ہیں، خواتین اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنا ہی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہے، لاچار اور بے بس لوگوں پر ظلم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔

انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ارد گرد ہونے والے ظلم و زیادتی کے خلاف آواز ضرور اٹھائیں، ایسا کوئی بھی واقعہ دیکھیں تو ہیلپ لائن 1737 پر فوری رابطہ کریں، عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور تمام قانونی ادارے موجود ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024