• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

فلسطینیوں، کشمیریوں کی حالت زار عالمی امن کی راہ میں رکاوٹوں کو اجاگر کرتی ہے، آرمی چیف

شائع November 4, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سینٹرز (آئی اے پی ٹی سی) کی 28ویں سالانہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حالت زار عالمی امن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کرتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکا کو کلیدی خطاب میں عالمی امن کو درپیش مسلسل ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کے بارے میں اگاہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی جانب سے امن کی متعدد کوششوں کے باوجود معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار اس بات کی یاددہانی کراتی ہے کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‘

تقریب میں اقوام متحدہ کے ڈپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز کے انڈر سیکریٹری جنرل جین پیئر لاکروئکس، اقوام متحدہ کے پالیسی ایڈوائزر، قائم مقام ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، پاکستان کے خارجہ سیکرٹری اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ریکٹر بھی موجود تھے۔

کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جین پیئر لاکوا نے اقوام متحدہ کی امن قائم رکھنے کی کارروائیوں میں پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا اور 28ویں (آئی اے پی ٹی سی) سالانہ کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس میں آمد پر آئی جی ٹریننگ اور ایویلویشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ ہے، 2022 کی ایک رپورٹ کے مطابق 30 ستمبر 1947 کو اقوام متحدہ میں شمولیت کے بعد پاکستان نے دنیا بھر میں 70 امن مشنز میں حصہ لیا۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 1948 سے اب تک ہلاک ہونے والے 4 ہزار سے زائد امن سفیروں میں 168 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024