• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، وزیراعظم شریف

شائع November 4, 2024
—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
—فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، برادر ملک کے صدر نے دورے کے دوران 2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بات کی تھی، اب پیغام آیا ہے کہ انہیں انتظار ہے اور اسلام آباد تیاری کرکے بتائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے کابینہ کو سعودی عرب اور قطر کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے متعدد آئٹمز مؤخر کردیے گئے، کابینہ اجلاس کل یا پرسوں دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حج پالیسی کی منظوری بھی ایک مرتبہ پھر موخر کردی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ سے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب اورقطرکاکامیاب دورہ مکمل کرکےآیاہوں، سعودی ولی عہد نے پاکستان کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا، سعودی ولی عہد سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت دوستانہ گفتگو کی، اگلے دن انہوں نے اپنی ٹیم بھجوائی جس میں سعودی وزیر سرمایہ کاری اور دیگر حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتوں کےنتیجے میں پاکستان کا وفد جلد سعودی عرب جائےگا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کی طرح قطر کا ڈیڑھ دن کا دورہ بھی انتہائی کامیاب رہا، امیر قطر کے ساتھ وفود کی سطح پر اور ون آن ون ملاقات ہوئی، امیر قطر کی ہمشیرہ نے پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا جس میں امیر قطر میرے ساتھ تھے۔

وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ قطر میں ملاقاتوں میں طے ہوا کہ ماضی میں قطر نے 3 ارب ڈالر کا جو وعدہ کیا تھا اس کے حوالے سے دونوں ملک تیزی سے آگے بڑھیں گے اور اس کے نتیجے میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ٹیم جلد پاکستان آرہی ہے اور اس اتھارٹی کے چیئرمین رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آئیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے واضح کیا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہت گنجائش ہے، لاکھوں لوگوں کی ضرورت ہے، اپنی اسکلڈ لیبر ہمیں بھجوائیں، لاکھوں لوگوں کی ضرورت ہے اور اگلے سالوں میں ہمیں اس کی بہت زیادہ ضرورت پڑے گی، انہوں نے کہاکہ امیر قطر نے بھی پاکستان میں آئی ٹی پارک لگانے کا عندیہ دیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ آذربائیجان سے بھی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کی تھی، آذربائیجان کے صدر نے بھی دورہ پاکستان کے دوران 2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بات کی تھی، آذربائیجان سے پیغام آیا ہے کہ انہیں انتظار ہے اور پاکستان تیاری کرکے بتائے، وزیراعظم نے کہاکہ وہ ایک آدھ دن میں اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب اور قطر کا سرکاری دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ریاض میں منعقدہ سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو 2024 سے خطاب کیا تھا اور بعدازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کی تھیں، بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ قطر میں امیر قطر اور قطری ہم منصب سے ملاقاتیں کی تھیں، اس موقع پر قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024