• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اسموگ کی ابتر صورتحال: لاہور میں ایک ہفتے کیلئے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان

شائع November 3, 2024
انہوں نے کہا گزشتہ روز سے لاہور میں اسموگ کی صورتحال میں اضافہ ہوا — فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا گزشتہ روز سے لاہور میں اسموگ کی صورتحال میں اضافہ ہوا — فوٹو: ڈان نیوز

حکومت پنجاب نے لاہور میں اسموگ کی ابتر صورتحال کے باعث ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، گزشتہ روز سے لاہور میں اسموگ کی صورتحال میں اضافہ ہوا، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، امرتسر و چندی گڑھ سے ہوا پاکستان آئی تو اس میں اسموگ بہت تیز تھی، بھارت سے اسموگ آئی اور ایک دم پھیل گئی اور بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسموگ کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب نے اقدامات کیے، 8 ماہ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو بٹھا کر لائحہ عمل دیا، اسموگ سے بچاؤ کے حکومتی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی گئی ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ہے، کل مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 1900 تک ہوگیا تھا، بعد میں یہ اے کیو آئی کافی کم ہوگیا تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عوام اسموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں، اب تک ایک ہزار سپر سیڈز کسانوں میں بانٹے گئے ہیں، ای بائیکس منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’یہ معاملہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہو سکتا، بھارت سے بات کرکے ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوسکتا ہے، اسموگ کورونا کی طرح ہے جو سرحدوں سے آرہی ہے، اسموگ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں کی جائےگی۔‘

انہوں نے لاہور میں ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پانچویں جماعت تک اسکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹے دے رہے ہیں۔

اسکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری

بعد ازاں حکومت پنجاب نے لاہور کے تمام سرکاری اور نجی اسکولز ایک ہفتے کے لیے بند رکھنے کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن میں محکمہ ماحولیات نے بتایا کہ پہلی سے پانچویں جماعت تک کے بچوں پر اسموگ زیادہ اثر انداز ہوتی ہے جس کی وجہ سے بچوں کو چھٹی دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں کسی اسکول میں ایک ہفتے کے لیے پہلی سے پانچویں جماعت تک کلاسز نہیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج بھی پہلے نمبر پر رہا اور بھارت سے آنے والی ہوا سے شہر کی فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی جبکہ ایئرکوالٹی انڈیکس آج بھی ایک ہزار سے زائد رہا۔

بھارتی شہروں جالندھر، لدھیانہ، چندی گڑھ، بھٹنڈہ، کرنال، گورداسپور، امرتسر اور اٹاری سے دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل تیز ہواؤں اور مرغولوں کی شکل سے پاکستانی علاقوں میں آرہے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحول نے لاہور میں اسموگ کا نیا الرٹ جاری کردیا جبکہ اسموگ سے متعلق تازہ ترین صورتحال پنجاب حکومت کی گرین ایپ پر جاری کی جارہی ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024