• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:35pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:37pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:35pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:37pm

قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

شائع November 1, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی کاوشوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، سعودی عرب نے سرمایہ کاری کو 2.8 ارب ڈالر تک توسیع دے دی جبکہ سعودی فاسٹ فوڈ چین ’البیک‘ پاکستان آرہی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور قطر کا تفصیلی احوال بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب میں ملاقاتیں تعمیری اور نتیجہ خیز رہیں، وزیراعظم کے سعودی عرب اور قطر کے دورے اہمیت کے حامل تھے، اللہ کا شکر ہے معیشت بحالی کی پٹڑی پر چڑھ چکی ہے، قطرپاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، قطری سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت کو سپورٹ ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ پاکستان میں 27 معاہدوں پر دستخط ہوئے، مگر اب دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی ہے، دونوں ممالک نے معیشت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا، ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک سوال پر بتایا کہ منارا کا معاملہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہا ہے، سعودی فاسٹ فوڈ چین البیک پاکستان آرہی ہے، کمپنی نے اپنی سپلائی چین پر کام شروع کردیا ہے، تمام شعبوں میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے، تفصیلات وقت آنے پر سامنے لائیں گے۔

’خیبرپختونخوا میں جلد عوام صوبائی حکومت کا گریبان پکڑیں گے‘

عطا اللہ تارڑ نے ایک سوال پر کہا کہ خیبرپختونخوا میں جلد عوام صوبائی حکومت کا گریبان پکڑیں گے، ماضی میں پی ٹی آئی کی ہی صوبائی حکومت نے طالبان کو واپس بلایا اور اس وقت کے وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر ایک بھی اجلاس نہیں کیا اور اب یہ حکومت ملزمان کا استقبال کر رہی ہے، اور انسداد دہشت گردی پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، ایک مذاق سا بن گیا ہے، وفاق نے پہلے بھی تعاون کی پیشکش کی تھی اور اب بھی ساتھ مل کر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں فوجی اور سویلین دونوں شہید ہو رہے ہیں، لیکن غیر سنجیدہ وزیر اعلیٰ کو کسی چیز کی بالکل پروا نہیں ہے، وہ معاملات چلانے کے اہل ہی نہیں ہیں، اس حوالے سے وفاقی حکومت جو کردار ادا کرسکتی ہے کرے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم سیکیورٹی کے حوالے سے باخبر رہتے ہیں اور سیکیورٹی ایجنسیوں سے مشاورت بھی جاری رہتی ہے، دہشت گردی کا تدارک حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم پر قائم ہے، امن قائم ہوگا اور دہشت گردی کے واقعات میں وقت کے ساتھ کمی واقع ہوگی۔

’خارجہ پالیسی صوبے کا کام نہیں، اپنے کام پر توجہ دیں‘

ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو غیرسنجیدہ آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے حالات میں امن و امان کے حوالے سے نااہلی دکھائی جارہی ہے، صوبے کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جارہا ہے، صوبے کے عوام کا تحفظ کرنے میں ان کی حکومت ناکام ہوچکی ہے، خارجہ پالیسی صوبے کا کام نہیں ہے، انہیں چاہیے کہ اپنے کام پر توجہ دیں اور وفاق کو اپنا کام کرنے دیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 1 نومبر 2024
کارٹون : 31 اکتوبر 2024