• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

انعمتہ قریشی کو ’ہالووین‘ پارٹی منانے پر تنقید کا سامنا

شائع October 30, 2024
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

’سنو چندا، گھمنڈی، دل گمشدہ، نور جہاں، بیچاری مہر النسا اور بساط دل‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیتنے والی اداکارہ انعمتہ قریشی کو ’ہالووین‘ پارٹی منانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

انعمتہ قریشی نے دو دن قبل انسٹاگرام پر گھر میں رکھی گئی ’ہالووین‘ پارٹی کی تصاویر شیئر کی تھیں، جس میں ان کے ساتھ کم سن بیٹے سمیت سہیلیوں کو بھی دیکھا گیا۔

اداکارہ نے پارٹی کے موقع پر ’ہالووین‘ کی تھیم سے مشابہ لباس بھی پہنا اور تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر بھی کیا۔

اگرچہ اداکارہ نے تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے کوئی کیپشن نہیں لکھا تھا، تاہم اداکارہ کو ایسی تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

زیادہ تر افراد نے اداکارہ کے لیے نامناسب اور سخت الفاظ کا استعمال کیا، تاہم متعدد افراد نے ان سے ان کے مذہب سے متعلق بھی سوال کیا کہ کیا وہ مسلمان نہیں؟

جہاں سوشل میڈیا صارفین نے انعمتہ قریشی کو ان کے مذہب اور عقائد پر تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض صارفین نے ان سے ’ہالووین‘ کی تاریخ اور پس منظر کی وضاحت کرنے کا بھی کہا۔

بعض افراد نے انہیں یاد دلایا کہ مذہب اسلام میں ایسے تہوار منانے کی ممانعت ہے، انہیں ایسا کرنے پر شرم آنی چاہیے۔

جہاں سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو ہالووین لباس پہننے اور بیٹے سمیت سہیلیوں کے ہمراہ ہالووین پارٹی منعقد کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض افراد نے ان کی تعریفیں بھی کیں اور ان کے لباس کو اچھا قرار دیا۔

انعمتہ قریشی سے قبل بھی متعدد اداکارائیں ’ہالووین‘ پارٹیوں کا انعقاد کر چکی ہیں اور انہیں ’ہالووین‘ سے مشابہہ لباس میں بھی دیکھا جاتا رہا ہے۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ ’ہالووین‘ مغربی تہوار ہے جس کی ابتدا امریکا سے ایک صدی قبل ہوئی تھی۔

آغاز میں ’ہالووین‘ پارٹیز کا انعقاد شیطان کی خوشنودی کے لیے کیا جاتا تھا، تاہم جدید دور میں ’ہالووین‘ پارٹیز زومبیز کا روپ دھار کر، ڈراؤنے لباس پہن کر یا نیم عریاں ملبوسات پہن کر جشن منانے میں تبدیل ہوچکا ہے۔

امریکا اور یورپ سمیت دیگر ممالک میں ’ہالووین‘ کی پارٹیاں ہر سال اکتوبر کے اختتامی ہفتے میں منعقد ہوتی ہیں۔

عام طور پر ’ہالووین‘ پارٹیز میں مرد و خواتین مشترکہ طور پر ایک ہی چھت کے تلے جشن مناتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024