• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، مجموعی تعداد 42 تک جاپہنچی

شائع October 30, 2024

ملک میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد رواں برس اس مرض سے متاثر بچوں کی مجموعی تعداد 42 تک جا پہنچی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں انسداد پولیو کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون رپورٹ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو جیسے موذی مرض سے یوسی گندھیری کی رہائشی ایک 29 ماہ کی بچی متاثر ہوئی ہے، یہ نوشہرہ سے پولیو کا پہلا اور ملک بھر کا 42واں کیس ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ اب تک بلوچستان سے 21، سندھ سے 12، خیبرپختونخوا سے 7 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، بچوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جینیاتی ترتیب کی جا رہی ہے۔

ملک بھر میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری ہے، جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پولیو کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، دوسری جانب گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ادھر، کوہاٹ تھانہ ملز ایریا کی حدود میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو ٹیم حفاظت پر مامور پولیس پر فائرنگ کر دی تھی، تاہم پولیس کے جوانوں نے کوئیک رسپانس کرکے حملہ ناکام بنا دیا تھا۔

دوسری جانب، گزشتہ روز سیکیورٹی خدشات پر 6 اضلاع میں پولیو مہم ملتوی کر دی گئی تھی۔

حکام نے بتایا تھا کہ ضلع کرم، جنوبی وزیرستان، اپر، لوئر وزیرستان، بنوں اور شمالی وزیرستان میں پولیو مہم ملتوی کی گئی ہے، مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مہم دوبارہ شروع کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024