• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm

سپریم کورٹ بار ایسویس ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کامیاب، وزیراعظم کی مبارکباد

شائع October 29, 2024
— فوٹو: رؤف عطا فیس بک
— فوٹو: رؤف عطا فیس بک

سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدارتی انتخاب کے غیر حتمی نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے میاں رؤف عطا نے فتح حاصل کرلی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کامیابی پر گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد دی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ بار کے صدارتی انتخاب کے غیر حتمی نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدر میاں رؤف عطا نے میدان مار لیا جبکہ پرفیشنل گروپ کے منیر احمد خان کاکڑ دوسرے نمبر پر رہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد دی۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پر امید ہوں کہ نومنتخب صدر میاں رؤف عطا سمیت تمام عہدیداران بار اور وکلا کی فلاح و بہبود کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکلا برادری 26 ویں آئینی ترمیم پر عمل درآمد، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے نومنتخب عہدیداران وکلا برادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔

وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بھی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدراتی انتخاب جیتنے پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد پیش کی۔

وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر قانون نے کہا کہ نومنتخب صدر میاں رؤف عطا بار اور وکلا کی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیپینڈنٹ گروپ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور آئین و قانون کی بالادستی پر قائم رہا، پاکستان کی سب سے بڑی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اپنے بیان میں میاں رؤف عطا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری نے ایک بہترین شخصیت کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا۔

انہوں نے کہا کہ وکلا جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری روایات کے فروغ میں وکلا کا روشن کردار ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وکلا بار اور بینچ کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداران آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے، فاتح پینل وکلا برادری کے مسائل کے حل اور اہم عدالتی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون کو بھی رؤف عطا کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024