کراچی: ریسٹورنٹ میں کرسی اٹھانے پر جھگڑے کے 3 ملزمان کی ضمانت منظور
سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نجی فوڈ چین کے ہوٹل میں گزشتہ رات 2 بااثر خاندانوں کی خواتین کی آپس میں لڑائی کے الزام میں گرفتار 3 ملزمان کو ضمانت مل گئی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق دوران سماعت پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں خاندانوں نے صلح نامہ کرلیا ہے۔
کراچی کی مقامی عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات پیش آئے واقعے کا مقدمہ شاہد لاشاری بلوچ کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں درج کیاگیا تھا جبکہ ہوٹل میں بغیر اجازت کرسی اٹھانے پر خواتین کے آپس میں لڑنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
سی سی ٹی وی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کراچی کے پوش علاقے ڈے ایچ اے کے ہوٹل میں بغیر اجازت کرسی اٹھائے جانے کے بعد دوسرے خاندان کی خواتین ہوٹل سے نکلنے لگتی ہیں، تاہم ہوٹل سے نکلتے وقت ایک خاتون دوسرے خاندان کی خاتون سے ٹکرا جاتی ہیں، جس پر معاملہ مزید خراب ہوجاتا ہے۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو خواتین کے ایک دوسرے سے ٹکرانے کے بعد دونوں میں بحث شروع ہوجاتی ہے، جس درمیان ایک خاندان کے وہاں موجود مرد بھی بحث میں کود پڑتے ہیں اور وہ دوسرے خاندان کی خواتین سے بات کرنے لگتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں خاندان میں جاری بحث جلد ہی مار پیٹ اور ہاتھا پائی میں تبدیل ہوجاتی ہے اور دونوں خاندانوں کے تمام افراد ایک دوسرے سے لڑ پڑتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں خاندانوں کے لڑنے کے بعد ہوٹل میں موجود باقی افراد ڈر جاتے ہیں اور وہ وہاں سے نکلنے اور بھاگنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔