• KHI: Asr 4:18pm Maghrib 5:54pm
  • LHR: Asr 3:40pm Maghrib 5:17pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • KHI: Asr 4:18pm Maghrib 5:54pm
  • LHR: Asr 3:40pm Maghrib 5:17pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm

پنجاب پولیس کا کچے کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک

شائع October 27, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں پنجاب پولیس نے دو انتہائی مطلوب ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔

کچا جمال دین والی کے علاقے میں آپریشن کے دوران مارے گئے ڈاکوؤں کی شناخت بدلا منگلانی اور قاسم چھاچھر کے نام سے ہوئی جو مبینہ طور پر بھونگ کے علاقے میں کانسٹیبل اکبر گوپانگ کی شہادت میں ملوث تھے۔

مجرمان مبینہ طور پر گزشتہ سال مئی میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپیکٹر (اے ایس آئی) امان اللہ آبرو کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

ہلاک ڈاکوؤں کے خلاف ضلع رحیم یار خان اور سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مقدمات درج تھے، بدلا منگلانی اور قاسم چھاچھر پولیس کو بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور پولیس اہلکاروں کی شہادت سمیت مختلف جرائم میں مطلوب تھے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے بیان کے مطابق پولیس نے کچا جمال دین والی میں آم کے باغات میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق، آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے بعد جوابی کارروائی میں دونوں مطلوب مجرمان مارے گئے۔

آپریشن کے بعد دونوں ملزمان کی لاشوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہلاک مجرمان سے بھاری اسلحے کے ساتھ چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، مجرمان علاقے میں بڑی کارروائی کا ارادہ رکھتے تھے تاہم پولیس کی جانب سے بروقت ایکشن نے اسے ناکام بنایا۔

آپریشن میں سی آئی اے بھونگ جبران جیراڈ کے علاوہ انچارج چوکی جمال دین والی اور دیگر پولیس کی ٹیمیں شامل تھی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب آپریشن کرنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رضوان عمر گوندل اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت جاری کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران رحیم یار خان کے مختلف علاقوں سے 12 افراد کو اغوا کیا گیا تھا جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔

شکارپور میں پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن

دوسری جانب شکارپور میں پولیس اور رینجرز نےکچے میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد 2 کمسن مغوی بچوں اور ایک پولیس اہلکارکو بازیاب کرالیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بچوں کی بازیابی پر وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے پولیس اور رینجرز افسران کوشاباشی دی۔

پولیس نے رینجرز کے ہمراہ کچے میں ناپرکوٹ تھانہ کی حدود میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلےکے بعد 5 سالہ ولید میمن اور 2 سالہ ناصر عباس سمیت محمد اسماعيل شرنامی اہلکارکو بازیاب کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔

فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 28 اکتوبر 2024
کارٹون : 27 اکتوبر 2024