• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کا حملہ، 10 جوان شہید

شائع October 25, 2024
— فوٹو: فائل
— فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کی بزدلانہ حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے وطن عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ خوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، خارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجی دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ شہدا میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمٰن، سپاہی اخونزادہ اور سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان کے مطابق زخمی ایف سی اہلکاروں نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ایف سی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایف سی دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے اور قیام امن کے لئے پر عزم ہے،شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ادھر صدر مملکت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، صدر مملکت نے شہید جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا اور جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا، صدر مملکت نے شہدا کیلئے بلندی درجات اور ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ْ

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں، پوری قوم شہداکو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ملک میں امن کے لیے قیمتی جانیں قربان کرنے والے شہدا کی قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایف سی اور خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، قوم ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات میانوالی کے علاقے ملاخیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ خوارج کے 10دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025