• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

حافظ قرآن ہونے کی وجہ سے نئے شخص سے محبت ہوئی، وینا ملک

شائع October 24, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان وینا ملک نے کہا ہے کہ انہیں شہریار چوہدری سے حافظ قرآن ہونے کی وجہ سے محبت ہوئی جب کہ ان میں بہت ساری دوسری بھی اچھی خصوصیات ہیں، جن کا وہ ذکر نہیں کر سکتیں۔

وینا ملک نے انڈیپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں زندگی میں آنے والے نئے شخص شہریار چوہدری کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔

دوران انٹرویو وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ انہیں اب بھی نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے بھی فلموں اور شوز میں کام کرنے کی بہت ساری پیش کش ہوتی ہے لیکن ان کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وینا ملک نے بتایا کہ وہ 2015 کے بعد شوبز سے اپنی مرضی سے دور ہوئیں اور انہوں نے اس دوران تعلیم حاصل کی۔

وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے نفیسات میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی جب کہ معروف ہارورڈ اسکول میڈیسن سے بھی انہوں نے نفسیات کے کورسز کیے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی تھی، وہ خاندان میں سب سے کم پڑھی لکھی تھی اور بچے ہونے کے بعد جب وہ انہیں اسکول چھوڑنے جاتی تھیں، تب انہیں دوبارہ پڑھنے کا شوق ہوا۔

نئے شریک حیات کو تلاش کرنے کے سوال پر انہوں نے شہریار چوہدری کے حوالے سے کچھ تفصیلات بتائیں لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ ان سے ان کی کب ملاقات ہوئی، وہ کون ہیں، کیا کرتے ہیں؟

وینا ملک کا کہنا تھا کہ چند سال قبل جب وہ ڈپریشن سے گزر رہی تھیں تب انہوں نے قرآن پاک پڑھنا شروع کیا اور پھر ان کی ملاقات شہریار چوہدری سے ہوئی جو کہ حافظ قرآن تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ شہریار چوہدری میں اور بھی بہت ساری اچھی خصوصیات ہیں لیکن انہیں ان کے حافظ قرآن ہونے نے سب سے زیادہ متاثر کیا اور وہ ان سے محبت کر بیٹھیں۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ شہریار چوہدری نے ہی انہیں دوبارہ محبت کرنا سکھایا، وہ بہت مصروف رہتے ہیں لیکن ان کی خوشی کی خاطر سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے شہریار چوہدری کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں اور نہ ہی دوبارہ جلد شادی کا عندیہ دیا۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل ہی وینا ملک نے انسٹاگرام پر اپنی بائیو اپڈیٹ کرتے ہوئے خود کو ’شہریار کی بندی‘ قرار دیا تھا۔

علاوہ ازیں وینا ملک گزشتہ چند ماہ سے شہریار چوہدری کے نام سے بنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ساتھ مشترکہ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ان کی جانب سے شہریار چوہدری سے اظہار محبت کیے جانے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ جلد دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، تاہم اس حوالے سے اداکارہ نے فی الحال کوئی وضاحت نہیں کی۔

وینا ملک نے پہلی شادی 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے کی تھی، جن سے انہیں دو بچے بھی ہیں اور وہ اداکارہ کے ساتھ رہتے ہیں۔

وینا ملک نے شادی کے چار سال بعد مئی 2018 میں شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی، بعد ازاں میں طلاق ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024