• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حزب اللہ نے حسن نصراللہ کے جانشین ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کردی

شائع October 23, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ایرانی حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ نے حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کردی۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی فضائی حملے میں شہادت کی تصدیق کی ہے۔

ہاشم صفی الدین ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے ہمراہ حزب اللہ کی قیادت کر رہے تھے اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد تنظیم کے باضابطہ سربراہ بننے کی توقع کی جارہی تھی تاہم اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے رواں ماہ کے آغاز میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں ہاشم صفی الدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ 3 ہفتے قبل بیروت میں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کے دوران ان کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین شہید ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کو 27 ستمبر کی رات بیروت میں ایک حملے میں نشانہ بنایا تھا جس میں وہ بیٹی زینت نصراللہ سمیت شہید ہوگئے تھے۔

حزب اللہ کے ایک ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ گروپ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کے کزن ہاشم صفی الدین سے ان کا رابطہ منتقع ہوگیا ہے جو حسن نصراللہ کی جگہ ایرانی حمایت یافتہ لبنانی گروپ کی سربراہی کریں گے۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ہم نصراللہ، ان کے متبادل اور حزب اللہ کی اعلیٰ قیادت تک پہنچ گئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے مزید کہا کہ ہم ہر اس شخص تک پہنچیں گے جو اسرائیلی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ ہاشم صفی الدین نے گزشتہ سال حزب اللہ کی جانب سے مذاکرات میں نمایاں کردار ادا کیا اور سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے حسن نصراللہ کی عدم شرکت پر مختلف تقریبات سے خطاب بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024